قومی اسنوکر چیمپئن شپ آج کراچی میں شروع ہوگی

فائنلسٹ پلیئرز ایشین ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے حقدار بن جائیں گے


Sports Reporter March 01, 2014
فائنلسٹ پلیئرز ایشین ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے حقدار بن جائیں گے. فوٹو: فائل

39 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ ہفتے سے کراچی جیمخانہ میں شروع ہو گی۔

پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے تحت10 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں پنجاب کے انٹرنیشنل کیوئسٹ حمزہ اکبر اعزاز کا دفاع کریں گے، چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے والے کھلاڑی 30 ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کے حقدار بھی بن جائیں گے، یہ ایونٹ 26 اپریل تا3مئی متحدہ عرب امارات کے شہر فجیریہ میں شیڈول ہے، یہ تفصیلات ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے گذشتہ روزکراچی جیمخانہ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتائیں، اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری منور شیخ، سابق عالمی چیمپئن محمد آصف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم یوسف سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے، عالمگیر شیخ نے بتایا کہ ڈھائی لاکھ روپے انعامی رقم کی قومی چیمپئن شپ کا فاتح وننگ ٹرافی کے ساتھ 80 ہزار روپے انعام کا بھی حقدار ہوگا،فائنلسٹ کورنر اپ ٹرافی کے ہمراہ50 ہزارروپے دیے جائیں گے،سیمی فائنلسٹ 40،40 ہزار روپے حاصل کریں گے۔

ایونٹ میں شریک 43 پلیئرز کو8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہرگروپ سے2 کیوئسٹ پری کوارٹر فائنلزمیں جگہ بنا پائیںگے، سیمی فائنل 9اور فائنل11فریمز پر مشتمل ہوگا،چیمپئن شپ میں عمران شہزاد ٹاپ سیڈ اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف سیکنڈ سیڈ ہوں گے، شاہد آفتاب سیڈ3،محمد سجاد4، عبدالستار 5، اسجد اقبال6، محمد بلال7اور دفاعی چیمپئن حمزہ اکبر سیڈ8کھلاڑی قرار پائے ہیں، عالمگیر شیخ نے ایک سوال پر کہا کہ ایران، مصر اور بحرین نے پاکستان آکر اسنوکرسیریزکھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے، پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے لیکن اصل مسئلہ پی ایس بی کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی ہے، اس وجہ سے ایسوسی ایشن پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے، ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور قومی اسنوکر کھلاڑی اپنے مطالبات کے حق میںاپریل میں دارالحکومت اسلام آباد پہنچ کراحتجاج کریںگے۔

مقبول خبریں