دودریا پر خوفناک کار حادثے میں دو نوجوان جاں بحق ایک زخمی

گاڑی اوور اسپیڈ تھی اور کار سوار نوجوان ایک دوسرے سے مذاق کررہے تھے جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، عینی شاہد


ویب ڈیسک May 06, 2022
کراچی دو دریا پر خوفناک کار حادثہ

ISLAMABAD/RAWALPINDI: ڈیفنس دو دریا پر انتہائی خوفناک کار حادثے میں دو نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ گاڑی حادثے کے باعث نذر آتش ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں دو دریا کے قریب تیز رفتار کار خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، گاڑی کھمبے سے ٹکرانے کے بعد کئی قلابازیاں کھاتی رہی جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ امدادی کارروائی شروع کی اور فائربریگیڈ عملے نے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پایا۔

رپورٹ کے مطابق گاڑی میں لگی آگ اتنی شدید تھی کہ آگ کے باعث اٹھنے والے سیاہ بادل کئی کلومیٹر دور سے دکھائی دے رہے تھے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایک نوجوان اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا کچھ دیر زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

مرنے والوں کی شناخت ریحان ولد دانش کے نام سے کی گئی جس کی عمر پچیس برس تھی، دوسرے متوفی کی شناخت دائود ولد عمر کے نام سے کی گئی جس کی عمر تقریباً اٹھائیس برس تھی جب کہ زخمی بائیس سالہ واحد اسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ، واضح رہے کہ دو دریا پر اس سے قبل بھی انتہائی خوفناک حادثات پیش آچکے ہیں جن کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔

عینی شاہد کا بیان:

واقعے کے عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی اوور اسپیڈ تھی اور گاڑی میں سوار نوجوان ایک دوسرے سے مذاق کر رہے تھے اور سڑک پر گاڑی کوکبھی ایک طرف اور کبھی دوسری طرف کررہے ہیں اور اس کی وجہ سے گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔