سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان نے چوکیدار کو ذبح کردیا

ملزمان نے تیز دھار آلے سے ناصرف مقتول کا گلا کاٹا بلکہ اس کے جسم پر بھی گہرے وار کیے، پولیس


Staff Reporter May 07, 2022
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے (فوٹو، فائل)

ISLAMABAD: شہرقائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چوکیدار کی لاش ملی ہے جسے نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے سے ذبح کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے بہرام گوٹھ میں پلاٹ پر ڈیوٹی کرنے والے چوکیدار کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی، مقتول کے جسم پر بھی تیز دھار آلے کے وار پائے گئے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ ایس ایچ او تھانہ سرجانی ٹاؤن حاجی ثنا اللہ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ سبیل خان کے نام سے کی گئی جو اس خالی پلاٹ کا چوکیدار تھا جبکہ اس کے ہمراہ ایاز نامی دوسرا چوکیدار بھی مقیم ہے جسے پولیس نے تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ساتھی چوکیدار ابتدائی تحقیقات میں واردات کے حوالے سے لاعملی کا اظہار کر رہا ہے تاہم پولیس سرکار کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر رہی ہے جس کے بعد زیر حراست دوسرے چوکیدار سے تفتیش کا عمل شروع کیا جائے گا۔

حاجی ثنا اللہ نے مزید کہا کہ مقتول کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھام پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتول کی لاش تلاش ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دی ہے۔