کراچی یونیورسٹی قائم مقام وائس چانسلر کے بعد روزمرہ امور چلانے والے سینئر ڈین کے حوالے

این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد آئندہ ہفتے 5 روزہ تعلیمی دورے پر جنوبی کوریا روانہ ہورہے ہیں


صفدر رضوی August 29, 2026
(فوٹو: فائل)

کراچی:

سندھ کی سب سے بڑی یونیورسٹی ’جامعہ کراچی‘ قائم مقام وائس چانسلر کے بعد اب روزمرہ امور چلانے کے لیے سینئر ڈین کے حوالے کی جارہی ہے۔

جامعہ کراچی کا اضافی چارج رکھنے والے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد آئندہ ہفتے 5 روزہ تعلیمی دورے پر جنوبی کوریا روانہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں سندھ حکومت سے یکم سے 5 ستمبر تک بیرون ملک جانے کے لیے چھٹی کی درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

اُن کی عدم موجودگی میں این ای ڈی یونیورسٹی میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد بطور وائس چانسلر روز مرہ امور دیکھیں گے، جبکہ جامعہ کراچی جس میں ڈاکٹر طفیل احمد پہلے ہی اضافی چارج کے طور پر کام کررہے ہیں، ان کی بیرون ملک رخصت کے سبب یہاں بھی معاملے مزید ایڈہاک ازم کی طرف جائے گا اور رئیس کلیہ علوم الادویات پروفیسر ڈاکٹر حارث شعیب جامعہ کراچی میں روز مرہ امور دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں ڈاکٹر طفیل احمد کے بطور اضافی چارج ایک ماہ پورا ہوچکا ہے، تاہم تلاش کمیٹی search committee  کی سفارش کے باوخود تاحال نئے اور مستقل وائس چانسلر کی تقرری نہیں ہوسکی ہے جس کے سبب یونیورسٹی ایک ایڈہاک دورانیے سے گزرہی ہے جو طویل ہوتا جارہا ہے۔

اضافی چارج رکھنے والے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد نے یکم ستمبر کو یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس بھی طلب کررکھا تھا تاہم رجسٹرار جامعہ کراچی کے قریبی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طفیل احمد کے بیرون ملک دورے کے سبب اسے ری شیڈول کیا گیا ہے۔

یہ اجلاس اب 8 ویں ستمبر کو ہوگا جس میں داخلہ پالیسی اور کالجوں کے لیے بائے اینوول امتحانات سے متعلق فیصلے ہونے ہیں۔

علاوہ ازیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اکتوبر میں  این ای ڈی کنونشن کے سلسلے میں ڈاکٹر  طفیل احمد کا کینیڈا اور امریکا کا دورہ بھی متوقع  ہے۔ اس اثناء میں اگر مستقل وائس چانسلر کا تقرر نہیں ہوپاتا تو جامعہ کراچی ایک بار پھر روز مرہ امور چلانے کے لیے سینئر ڈین کے سپرد کی جائے گی۔