جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی جج گلزیر میمن نے غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے غیر ملکیوں سے میڈیکل انشورنس کے فراڈ کے مقدمے میں تینوں ملزمان کی درخواست ضمانت تیسری بار بھی مسترد کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی جج گلزیر میمن کی عدالت کے روبرو غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے غیر ملکیوں سے میڈیکل انشورنس کے فراڈ کے مقدمے میں ملزمان حیدر عمرانی، ایان نجیب اور عمیر مجید کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
وکیل صفائی نے موقف دیا کہ دوران ٹرائل گواہوں کے بیانات میں قانونی خامی سامنے آئی ہے۔ سرچ وارنٹ، چین آف کسٹڈی اور تکنیکی رپورٹ سے متعلق اعتراضات ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وکیل صفائی کے اعتراضات پہلے سے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ محض دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے سے ضمانت کے لیے نئی بنیاد پیدا نہیں ہوتی۔
شریک ملزم کی ضمانت کا اصول ملزمان پر لاگو نہیں ہوتا۔ ایم سی سی آئی اے حکام نے کہا کہ ریکارڈ میں ملزم کیخلاف بادی النظر میں مواد موجود ہے۔ مقدمے کے حقائق، ڈیجیٹل شواہد اور تفتیشی کارروائی کا جائزہ ضمانت کے مرحلے پر تفصیلی طور پر نہیں لیا جاسکتا۔
عدالت نے ملزم حیدر عمرانی کے وکیل کا سیاسی پس منظر کی بنیاد پر بدنیتی کا الزام بھی مسترد کردیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی وابستگی یا انتخابات میں حصہ لینے کا دعویٰ بذاتِ خود کسی شخص کو فوجداری کارروائی سے استثنیٰ نہیں دیتا۔ تفتیش میں سامنے آنے والے مواد کی جانچ ٹرائل کے دوران کی جائے گی۔ عدالت نے تینوں ملزمان کی درخواست ضمانت تیسری بار بھی مسترد کردی۔