چین کا توانائی شعبے میں 20 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا عندیہ

بڑھتے ہوئے تعلقات سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، زکریاعثمان، چینی وفد سے ملاقات


Business Reporter March 02, 2014
بڑھتے ہوئے تعلقات سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، زکریاعثمان، چینی وفد سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

چین نے پاکستانی عوام کو توانائی بحران سے چھٹکارا دلانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے شعبہ توانائی میں20 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔

یہ بات وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت پاکستان کے صدر زکریا عثمان نے ہفتہ کوایف پی سی سی آئی کا دورہ کرنے والے چین کے بڑے تجارتی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ زکریا عثمان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے چین کے ساتھ ہمیشہ سے تجارتی تعلقات کوخصوصی اہمیت دی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاک چین تجارت کی مالیت 12.41 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہے جس میں سے پاکستان کی چین کے لیے برآمدات کی مالیت 3.14 ارب ڈالر جبکہ چین کی پاکستان کے لیے برآمدات کی مالیت 9.27 ارب ڈالر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستانہ تجارتی تعلقات انتہائی آزمودہ، سمندر سے زیادہ گہر ے اور پہاڑوں سے زیادہ بلند ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعاون کے نتیجے میں دونوں ملکوں میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، پاکستان اور چین کے درمیان اکنامک کوریڈور بڑی کامیابی ہے جس سے باہمی تجارتی سرگرمیوں میں ریکارڈ اضافے کے امکانات ہیں۔

زکریا عثمان نے کہا کہ وہ فیڈریشن میں اپنی مدت صدارت کے دوران چین کو ایک اہدافی مارکیٹ کی حیثیت دیں گے اور سال 2014 میں ایف پی سی سی آئی چین میں 10 سے زیادہ تجارتی نمائشوں میں پاکستان کی بھرپورانداز میں شرکت کا انتظام کرے گا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفودکے زیادہ سے زیادہ تبا دلے کیے جائیں گے۔ اس موقع پرچینی تجارتی وفد کے سربراہ چین ہانگ کئی نے کہا کہ باہمی تجارت خوش کن ہونے کے باوجود اب بھی دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری وتجارت کے لاتعداد مواقع موجود ہیں، گزشتہ چند سال میں پاکستان نے متعددترجیحی تجارتی پالیسیاں متعارف کرائیں جس سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع حاصل ہوئے اور وہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

چینی وفد نے یقین دلایا کہ چین پاکستان سے تجارت وسرمایہ کاری کے تعاون کوتوسیع دینے کے لیے مشترکہ طور پر جدوجہد کرے گا۔ فیڈریشن کے نمائندوں نے چینی وفد کو بتایا کہ جون 2014 میں ایف پی سی سی آئی کا تجارتی وفد کنمنگ اور چنگڈوکی نمائشوں میں شر کت کرے گا۔