ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان 23 مئی کو ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 13 مئ 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

(فوٹو: ٹوئٹر)

 لاہور: ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان 23 مئی کو ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز 29 مئی یا یکم جون سے شروع ہونےکا امکان ہے جبکہ انگلینڈ میں کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں منتخب ہونے پر ہی طلب کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی سمیت کسی بھی کرکٹر کو کاؤنٹی کرکٹ چھوڑ کر آنے کے لیے نہیں کہا، البتہ فاسٹ بولر اپنی ذاتی مصروفیات کے باعث وطن واپس آرہے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا پہلا آپشن راولپنڈی ہی ہے، لاہور اور کراچی میں پچز تیار ہو رہی ہیں،اس لیے بی پلان کے طور پر ملتان کو رکھا گیا ہے جبکہ سیاسی صورتحال خراب نہ ہوئی تو سیریز راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران بائیو سیکور ببل بھی نہیں ہوگا جبکہ کورونا کی کوئی پابندی بھی نہیں لگائی جائے گی البتہ کھلاڑیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔

واضح رہے کہ نیدرلینڈز اور سری لنکا کے ٹورز کیلیے قومی اسکواڈز کا اعلان ہوگا ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز ختم ہونے کے فوری بعد 13 جون کو کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔