حب ڈیم سے پانی کی بندش شہر میں پانی کے 24 گھنٹے کا ناغہ نظام نافذ

آج شام سے کئی علاقوں کو پانی کی فراہمی شام 6 بجے سے اگلی شام تک بند رہے گی


Staff Reporter March 03, 2014
آج شام سے کئی علاقوں کو پانی کی فراہمی شام 6 بجے سے اگلی شام تک بند رہے گی۔ فوٹو: فائل

ادارہ فراہمی و نکاسی آب نے حب ڈیم سے100ملین گیلن پانی کی عدم فراہمی کے باعث فوری طور پر شہر میں پانی کا نا غہ نظام نافذ کردیا ہے اس نظام کے تحت روزانہ شام 6 بجے سے دوسرے دن 6 بجے شام تک شہر بھر کے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق حب ڈیم سے کراچی کو فراہم کیا جانے والا 100 ملین گیلن پانی بند ہونے سے ادارہ فراہمی و نکاسی آب نے شہر بھر میں ناغہ نظام نافذ کیا ہے اس ناغہ نظام کے نفاذ سے شہر کے کئی علاقوں میں 24 گھنٹے کے لیے پانی کی فراہمی بند رہے گی پانی کی فراہمی شام 6 بجے سے اگلے دن کے شام 6 بجے تک بند رہے گی۔

اس سلسلے میں ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے ترجمان کے مطابق پیر 3 مارچ کو6 بجے شام سے منگل 4 مارچ شام 6 بجے تک جن علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی ان میں پی آئی بی کالونی،مارٹن کوارٹرز،عثمانیہ مہاجر کالونی،جمشید روڈ،فاطمہ جناح کالونی، گارڈن ایسٹ اور ویسٹ،لیاری اور مر زا آدم خان روڈ اور تما م ملحقہ علاقے شامل ہیں، شہر کے جن علاقوں کو حب ڈیم سے پانی فراہم کیا جاتا تھا ان علاقوں کو کے تھری منصوبے سے نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن کے ذریعے ممکنہ حد تک پانی فراہم کیا جائے گا،آئندہ چند روز تک حب ڈیم سے30 سے 40 ملین گیلن پانی فراہم ہوسکے گا جو کسی بھی وقت مکمل طور پر بند ہو جائے گا۔

مقبول خبریں