کام کا بوجھ شاہین کے اعصاب پر اثر انداز ہونے لگا

فٹنس مسائل اور طبیعت کی ناسازی کے سبب انگلینڈسے اچانک وطن واپسی


Muhammad Yousuf Anjum May 22, 2022
چند دن آرام سے صحت بہتر،ویسٹ انڈیز سے سیریز میں آرام دینے پرغور۔ فوٹو: پی سی بی

LONDON: کام کا بوجھ شاہین شاہ آفریدی کے اعصاب پر اثر انداز ہونے لگا جب کہ ذرائع کے مطابق فٹنس مسائل اور طبیعت کی ناسازی کے سبب پیسر کی انگلینڈ سے اچانک وطن واپسی ہوئی۔

مسلسل تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنے والے شاہین شاہ آفریدی کاؤنٹی کرکٹ میں مڈل سیکس کی نمائندگی کرررہے تھے، اس دوران پیسر کو جسم میں اکڑاہٹ، درد، بخار اور تھکاوٹ جیسی علامات محسوس ہوئیں، ٹیم ڈاکٹر نے مزید میچز میں شرکت نہ کرنے اور زیادہ سے زیادہ آرام کا مشورہ دیا جس پر انھوں نے فوری وطن واپسی مناسب سمجھی۔

ذرائع کے مطابق مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے بعد کاؤنٹی میچز میں بھی شاہین اسی جذبے اور جوش کے ساتھ بولنگ کرتے رہے جو ان کی وجہ شہرت ہے، زور لگانے کی وجہ سے ان کا جسم اکڑاہٹ کا شکار ہوا جس کی وجہ سے بخار کی بھی شکایت ہوگئی۔

اس صورتحال میں مڈل سیکس کاؤنٹی نے اعلان کیا کہ پیسر فوری طور پر پاکستان واپس جارہے ہیں، چند دن اہل خانہ کے ساتھ گزارنے اور ڈاکٹر کی ہدایت پر آرام کرنے کے بعد اب شاہین خود کو پہلے سے کافی بہتر محسوس کررہے ہیں، طبیعت بہتر ہونے پر وہ ہفتے کو لاہور پہنچ گئے، پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کا مکمل چیک اپ کرے گا، مختلف ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے، ان رپورٹس کے آنے پر ہی یہ فیصلہ ہوگا کہ وہ دوبارہ کب سے بولنگ شروع کرسکتے ہیں۔

شاہین آفریدی کا نام لاہور میں جاری کنڈیشننگ کیمپ میں شامل نہیںہے۔ انھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی آرام دیا جاسکتا ہے

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے