بھارت میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان پولنگ 7 اپریل سے 12 مئی تک 9 مراحل میں مکمل ہوگی

81 کروڑ 40 لاکھ ووٹر حق رائے دہی استعمال کرینگے، گنتی 16مئی کو ہو گی، الیکشن کمشنر


AFP/Net News March 06, 2014
81 کروڑ 40 لاکھ ووٹر حق رائے دہی استعمال کرینگے، گنتی 16مئی کو ہو گی، الیکشن کمشنر۔ فوٹو اے ایف پی

بھارتی الیکشن کمیشن نے لوک سبھا کے16ویں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارت میں543رکنی لوک سبھا کیلیے پارلیمانی انتخابات 9 مرحلوں میں ہوں گے۔

یہ انتخابات 7 اپریل سے شروع ہوں گے اور12مئی تک 9 مرحلوں میں میں پورے کیے جائیں گے۔ سبھی مرحلوں کے ووٹوں کی گنتی16مئی کو کی جائے گی۔ نئی دہلی میں وگیان بھون میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپتھ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 7 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ دوسرا مرحلہ 9 اپریل کو ہو گا۔ تیسرے مرحلے میں 10اپریل اور چوتھے میں 12اپریل کو رائے دہندگان حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ اسی طرح 14، 25 اور 30 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے بعد 7مئی اور 12مئی کو ووٹنگ ہو گی۔ اترپردیش، بہار اور مغربی بنگال جیسی بڑی ریاستوں میں انتخابات 5اور 6 مرحلوں میں ہوں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی ووٹنگ 5الگ الگ مرحلوں میں ہو گی۔ دہلی، پنجاب، گجرات، کرناٹک، کیرالہ اور ہماچل پردیش جیسی کئی ریاستوں میں پولنگ ایک ہی مرحلے میں پوری کی جائیگی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ انتخابات صاف شفاف اور آزادانہ کرائے جائیں گے اور اس کیلیے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پارلیمان کی 543 سیٹوں کیلیے انتخابات ہونیوالے ہیں اور حکومت سازی کیلیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو کم از کم 272 سیٹیں چاہیے ہونگی۔ ان انتخابات میں81کروڑ 40 لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے مجاز ہیں اور گزشتہ انتخابات کے مقابلے ان انتخابات میں دس کروڑ ووٹروں کا اضافہ ہوا ہے۔ اس بار پارلیمانی انتخابات بہت دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔ بیشتر جائزوں میں حکمران کانگریس کی شکست فاش کی پیشگوئیاں کی جارہی ہیں۔ جبکہ گجرات کے وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو بظاہر سبقت حاصل ہے۔ لیکن ایک نئی پارٹی عام آدمی پارٹی کے وجود میں آنے سے انتخابات اور بھی دلچسپ ہو گئے ہیں۔ سیاسی جماعتیں انتخابات کے اعلان سے پہلے ہی انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہو چکی ہیں۔

اے پی پی کے مطابق بھارت کے عام انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں سیاسی جوڑ توڑ میں اضافہ ہو رہا ہے، اس سلسلہ میں حکمران جماعت کانگریس نے صوبہ بہار میں لالو پرشاد یادیو کی سیاسی جماعت راشٹریہ جنتا دل سے اتحاد بنا لیا۔ صوبہ بہار میں لوک سبھا کی 40 نشستوں میں سے27نشستوں پر راشٹریہ جنتا دل جبکہ12 نشستوں پر کانگریس اپنے امیدوار کھڑے کرے گی جبکہ ایک نشست پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی الیکشن لڑے گی۔ بھارت کی حکمران سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما اور وزیراعظم کے ممکنہ امیدوار راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اگلے الیکشن میں پیار کی مدد سے مخالف جماعت کو ہرائے گی۔ مہاراشٹرا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کاکہنا تھا کہ جس طرح ان کے آبائو اجداد نے عدم تشدد پرکاربند رہتے ہوئے1947ء میں انگریزوں کو برصغیر سے نکال کر آزادی حاصل کی اسی طرح اب کانگریس بھارتیہ جنتہ پارٹی کو اگلے الیکشن میں نکال باہرکرے گی۔

مقبول خبریں