کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی 49 پوائنٹس کا اضافہ

46 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں، مالیت مزید21 ارب 95 کروڑ روپے بڑھ گئی


Business Reporter March 08, 2014
364 کمپنیوں کا کاروبار، 168 کے بھاؤ میں اضافہ، 173 میں کمی، 23 میں استحکام رہا۔ فوٹو : پی پی آئی / فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی کاروباری صورتحال اتار چڑھاؤ کے بعد مزید تیزی کی جانب گامزن رہی جس سے46.15 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 21 ارب 95 کروڑ 59 لاکھ 31 ہزار 446 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ٹریڈنگ کے دوران سیمنٹ، بینکنگ اور بعض دیگر شعبے زیادہ متحرک نظر آئے جس میں وقفے وقفے کے ساتھ خریداری کی گئی۔ کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 39.40 پوائنٹس کی مندی اوربعدازاں135.42 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی۔ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر ایک کروڑ3 لاکھ73 ہزار493 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی تاہم اس دوران بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے23 لاکھ73 ہزار708 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے65 لاکھ98 ہزار228 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے14 لاکھ ایک ہزار556 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مارکیٹ میں تیزی کو برقرار رکھا جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس49.70 پوائنٹس کے اضافے سے 26892.23 اورکے ایس ای30 انڈیکس 12.22 پوائنٹس کے اضافے سے19546.91 ہوگیا جبکہ اسکے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس63.59 پوائنٹس کی کمی سے 44903.73 ہوگیا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 22.70 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر20 کروڑ 33 لاکھ46 ہزار490 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار364 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں168 کے بھاؤ میں اضافہ 173 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں باٹا پاکستان کے بھاؤ 100 روپے بڑھ کر3000 روپے اور آئسلینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ 55.25 روپے بڑھ کر 1160.25 روپے ہوگئے جبکہ انڈس ڈائینگ کے بھاؤ 57.22 روپے کم ہوکر1087.23 روپے اور مچلز فروٹ کے بھاؤ 28.29 روپے کم ہوکر670.05 روپے ہوگئے۔