پاک انگلینڈ کرکٹ دنگل ستمبر میں سجانے کی تیاری

اسپورٹس رپورٹر  منگل 21 جون 2022
7ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ممکنہ طور پر15 ستمبر کو ہوگا، مقابلے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کرانے پر غور۔ فوٹو: اے ایف پی

7ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ممکنہ طور پر15 ستمبر کو ہوگا، مقابلے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کرانے پر غور۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاک انگلینڈ کرکٹ دنگل ستمبر میں سجانے کی تیاری ہونے لگی جب کہ 17سال بعد انگلینڈ کی میزبانی کیلیے پلاننگ کا آغاز ہوگیا۔

سیکیورٹی اداروں کی انتھک محنت سے پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر شروع ہوا،مئی 2015میں زمبابوین ٹیم کی آمد بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئی،اس کے بعد ورلڈ الیون کے دورے اور پی ایس ایل میچز نے مزید راہیں کھولیں، سری لنکااور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے دیگر ملکوں کا حوصلہ بڑھایا، جنوبی افریقی ٹیم نے یہاں میچز کھیل کے اعتماد مزید بحال کیا۔

رواں سال مکمل پی ایس ایل پاکستان میں ہوئی، آسٹریلوی ٹیم اپنے دورے سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوئی، اب انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان آرہی ہے، اس ٹور کے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلیے پی سی بی اور ای سی بی کی ورکنگ کمیٹی قائم کردی گئی۔

شیڈول اور سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر دونوں بورڈز رابطہ رکھتے ہوئے مشترکہ فیصلے کریں گے، لاجسٹک ضروریات کے حوالے سے بھی پلاننگ کی جائے گی، وینیوز کا تعین کیے جانے کے بعد انگلش بورڈ کی جانب سے سیکیورٹی وفد بھی پاکستان بجھوانے کا امکان ہے، اس دوران 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، مہمان اسکواڈ کی ستمبر کے دوسرے ہفتے میں آمد متوقع ہے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق سیریز کا آغاز 15 ستمبراور اختتام 2اکتوبر کو ہوگا، مقابلے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انگلش ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا مگر اسلام آباد میں موجود کیویز نے دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تو ای سی بی نے بھی 2ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے اپنی ٹیم بھجوانے سے انکار کر دیا۔

پی سی بی کی جانب سے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، دونوں بورڈز میں بات چیت کے بعد نقصان کی تلافی کیلیے ستمبر میں شروع ہونے والے دورے میں 2اضافی میچز شامل کیے گئے ہیں،سیریز سے دونوں ٹیموں کو اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل تیاریاں جانچنے کا بہترین موقع ملے گا، کیویز کے انکار پر کینگروز کی پاکستان آمد انتہائی اہمیت کی حامل تھی، پی سی بی کو زرتلافی ادا کرنے کے ساتھ نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی ٹیم بجھوانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم آخری بار 2005میں پاکستان آئی تھی، اس دوران 3ٹیسٹ میچز کھیلے گئے تھے،ان میں میزبان ٹیم نے2-1سے کامیابی حاصل کی،ملتان میں گرین کیپس سرخرو ہوئے، فیصل آباد میں مقابلہ ڈرا ہوگیا، لاہور میں بھی پاکستان نے برتری ثابت کردی، 5ون ڈے میچز کی سیریز میں گرین شرٹس 3-2سے سرخرو ہوئے تھے۔

لاہور میں پہلا مقابلہ میزبان ٹیم نے جیتا، دوسرے میں شکست ہوئی، کراچی میں بھی پاکستان نے میدان مار لیا، راولپنڈی میں پہلے میچ کا نتیجہ میزبان اور دوسرے کا مہمان ٹیم کے حق میں رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔