انسٹا گرام نے عمر کی شناخت کیلئے مصنوعی ذہانت کا آپشن پیش کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 جون 2022
انسٹاگرام نے یوٹی کمپنی کے تعاون سے تصویر سے صارفین کی عمر کا اندازہ لگانے کا آپشن پیش کردیا جو فی الحال امریکا میں جاری ہے۔ فوٹو: فائل

انسٹاگرام نے یوٹی کمپنی کے تعاون سے تصویر سے صارفین کی عمر کا اندازہ لگانے کا آپشن پیش کردیا جو فی الحال امریکا میں جاری ہے۔ فوٹو: فائل

کیلیفورنیا: میٹا کمپنی نے بالخصوص چھوٹے بچوں کو ناخوشگوار آن لائن تجربات سے بچانے کے لیے عمر کی شناخت کے نئے آپشن اور ٹول پیش کئے ہیں۔ ان میں مصنوعی ذہانت یا اے آئی کو بھی استعمال کیا جائے گا۔

فی الحال میٹا نے کسی شخص کی عمر معلوم کرنے کیلئے دو طریقوں کا انکشاف کیا ہے جس کے ساتھ صارفین کو آن لائن اپنی شناخت کے ثبوت پیش کرنے ہوں گے۔

’جب ہمیں13 سے 17 برس کے صارفین کا پتا چلتا ہے تو ہم مناسب اقدامات کے تحت ان کا دائرہ مختصر کرتے ہیں، ان میں اکاؤنٹ کو پرائیوٹ رکھنے، بالغان سے غیرضروری گفتگو میں کمی اور اشتہارات تک رسائی میں احتیاط کی جاتی ہے،‘ میٹا میں ڈیٹا گورنسس کی سربراہ ایریکا فنِکل نے بتایا۔

تاہم یہ تجربہ امریکا میں ہی جاری کیا گیا ہے اور شاید بعد میں اسے دیگر ممالک تک وسیع کیا جائے گا۔

انسٹاگرام نے یوٹی نامی کمپنی سے رابطہ کیا ہے جو آن لائن صارفین کی عمر کی تصدیق بھی کرتی ہے۔ اسی طرح جب 18 برس سے کم عمر کے صارفین انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو یا سیلفی اپ لوڈ کریں گے یوٹی کا مصنوعی ذہانت پر مبنی پروگرام چہرے کے خدوخال دیکھ کر عمر کا اندازہ کرے گا۔ اس عمل میں مصنوعی ذہانت اور ڈیپ لرننگ بھی شامل ہوگی۔ اگر صارف کی عمر 18 برس سے کم ہوگی تو یوٹی اور میٹا اس عکس یا ویڈیو کو ازخود ہٹادیں گے۔

دوسرا آپشن یہ ہے کہ صارف تین مشترکہ دوستوں کی عمر معلوم کرے گا اور اس کا نگراں کم ازکم 18 برس کا کوئی فرد ہوگا۔

گزشتہ برس انسٹاگرام نے بچوں کے لیے اپنی منفرد ایپ پیش کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر بہت شدید تنقید کی گئی تھی۔ انسٹاگرام نے بتایا کہ انسٹاگرام کڈز کے لیےوالدین کی رضامندی لازمی تھی اور اس میں اشتہارات سے پاک صاف ستھرا مواد ہی دکھایا جاتا تھا۔ لیکن اس کے باوجود انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس پر شدید تنقید کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔