ورلڈ کپ میزبانی کیلیے برازیلین مانااوس اسٹیڈیم کا افتتاح

ریجنل چیمپئن شپ میچ کھیلا گیا،میگاایونٹ کے9 وینیوز تیار، 3کی تکمیل باقی


Sports Desk March 11, 2014
ریجنل چیمپئن شپ میچ کھیلا گیا،میگاایونٹ کے9 وینیوز تیار، 3کی تکمیل باقی. فوٹو اے ایف پی

لاہور: ورلڈ کپ کی میزبانی کیلیے برازیل کے مانااوس اسٹیڈیم کا افتتاح ہوگیا۔

ارینا ڈا امیزونیا فٹبال کے میگا ایونٹ کا تیار شدہ نواں اسٹیڈیم جبکہ تین کی تکمیل ابھی باقی ہے، اگرچہ اسٹیڈیم پوری طرح مکمل نہیں لیکن مقامی حکام نے ایک ریجنل چیمپئن شپ میچ کے ذریعے اس کا افتتاح کردیا۔ تفصیلات کے مطابق برازیلین حکام نے مانااوس کے جنگلاتی شہر میں ارینا ڈا امیزونیا کا افتتاح کردیا، یہاں انگلینڈ اور اٹلی کے مابین ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ کھیلا جائیگا۔ ارینا ڈا امیزونیا نواں اسٹیڈیم ہے جو فٹبال کے میگا ایونٹ کیلیے تیار ہوا جبکہ تین پر ابھی کام جاری ہے ، ان میں سے ایک ساؤ پاؤلو کا اسٹیڈیم ہے جہاں افتتاحی میچ میں تقریباً تین ماہ باقی ہیں۔ گذشتہ اتوار تک ارینا ڈا امیزونیا مکمل طور پر تیار نہیں تھا لیکن مقامی حکام نے ایک ریجنل چیمپئن شپ میچ سے وینیو کا افتتاح کردیا، میچ کو تقریباً20 ہزار افراد بشمول وینیو پر کام کرنے والے ورکرز نے بھی دیکھا۔44 ہزار نشستوں والا اسٹیڈیم جون میں ورلڈ کپ کے چار میچز کی میزبانی کرے گا، ان میں انگلینڈ کا مقابلہ اٹلی اور امریکا کا میچ پرتگال سے ہونا ہے۔

ارینا ڈا امیزونیا ان 6 اسٹیڈیمز میں شامل ہے جو فیفا کی جانب سے گذشتہ برس کی دی گئی حتمی تاریخ تک مکمل نہیں ہوئے تھے،اس کا افتتاح گذشتہ ماہ توقع تھا لیکن کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا۔ ناسیونال اور ریمو کے مابین گذشتہ اتوار کا 2-2 سے ڈرا ہونے والا میچ ورلڈ کپ ایونٹ کی ریہرسل سمجھا جا رہا تھا۔ امازونا کے اسٹیٹ گورنر عمر عزیز نے کہاکہ میچ کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ اسٹیڈیم میزبانی کیلیے تیار ہے ، ابھی انتظامات مکمل کرنا اور ہم اسی لیے یہاں آزمائشی ایونٹس منعقد کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل یہاں کم از کم 2آزمائشی میچز ہونے کی توقع ہے۔ اسٹیڈیم کے قریب ایک کلومیٹر کی حدود میں ٹکٹ رکھنے والے شائقین کو داخل ہونے کی اجازت تھی، 13 ہزار ٹکٹس عام افراد کو فروخت ہوئے،7 ہزار ٹکٹس اسٹیڈیم ورکرز اور ان کے خاندانوں کو دیے گئے تھے۔میچ کے دوران ڈھائی ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر رہے،200 اسٹیڈیم کے باہر ٹکٹس دیکھنے اور 70 آفیسرز وینیو کے اندر پچ اور اسٹینڈز میں موجود تھے۔ اسٹیڈیم کی تعمیر پر تقریباً 290 ملین ڈالر لاگت آئی جو اصل سے تقریباً 70 ملین ڈالر زیادہ ہے۔