شہزادہ چارلس کا اسامہ بن لادن کے بھائیوں سےلاکھوں پاؤنڈز فنڈ لینے کا انکشاف

شہزاہ چارلس نے 2013 میں اسامہ کے سوتیلے بھائیوں بکر اور شفیق بن لادن سے 10 لاکھ پاؤنڈ فنڈز لیے


ویب ڈیسک July 31, 2022
شہزادہ چارلس نے اسامہ کے بھائیوں سے 10 لاکھ پاؤنڈ لیے، فوٹو: فائل

برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ شہزادہ چارلس نے اپنے خیراتی ادارے کے لیے 2013 میں اسامہ بن لادن کے دو سوتیلے بھائیوں سے ایک ملین پاؤنڈ فنڈز قبول کیے تھے۔

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے اپنی خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شہزادہ چارلس نے اپنے خیراتی ادارے کے لیے اسامہ بن لادن کے خاندان سے 10 لاکھ پاؤنڈ عطیہ قبول کیا تھا جس پر شہزادہ چارلس کو خبردار بھی کیا گیا تھا کہ اس کا بہت خطرناک عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔

کلیرنس ہاؤس نے سنڈے ٹائمز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اخبار نے اپنے آرٹیکل میں چند حقائق کو نظر انداز کیا جیسے اسامہ بن لادن سے ان کے اہل خانہ نے قطع تعلق کرلیا تھا اور چندہ دینے والے دونوں سوتیلے بھائیوں کا اسامہ بن لادن کی سوچ اور سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں تھا اس لیے یہ فیصلہ بالکل درست اور آئین کے مطابق تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسامہ کے سوتیلے بھائیوں بکر بن لادن اور شفیق بن لادن سے چندہ قبول کرنے کا فیصلہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس کے چیریٹیبل کے ٹرسٹیز نے کیا جس میں شہزادہ چارلس کی رائے یا مشاورت شامل نہیں تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ملکہ برطانیہ نے ملک کے آئندہ بادشاہ اور ملکہ کے ناموں کا اعلان کردیا

خیال رہے کہ اس سے قبل برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کا ایک اور فنڈ ریزنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں شہزادے پر فنڈز کی بھاری رقوم قطر سے بغیر کسی احتیاط کے ساتھ لانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔