میران شاہ بازار میں گاڑی پر راکٹ حملہ 3شدت پسندوں سمیت4 ہلاک

گاڑی کوسرگرداں چوک میں نشانہ بنایاگیا،راہ گیربچہ بھی نشانہ،واقعہ عسکریت پسندگروپوں میں اختلافات کانتیجہ ہوسکتا ہے،حکام


AFP/Numaindgan Express March 13, 2014
بنوں میں ایف سی اہلکاراوربھائی قتل،جمرودمیں2اسکولوں کے باہردھماکے،کوہاٹ میں باروداوربم بنانے والے آلات برآمد،ایک ملزم گرفتار ،2فرار

میرانشاہ بازار میں ایک گاڑی پر راکٹوں سے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہ گیر بچے سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

ایک سینئر سیکیورٹی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ بدھ کو میرانشاہ بازار میں کئی مسلح افراد نے ایک گاڑی پر راکٹوں سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 شدت پسند اور ایک راہ گیر ہلاک ہوگیا ۔ ایک دوسرے اہلکار نے بھی واقعہ اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم معلوم کررہے ہیں کہ ہلاک ہونیوالے شدت پسندوں کا تعلق کس گروپ سے ہے۔ ایک ٹی وی کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ میرانشاہ کے سرگرداں چوک میں پیش آیا ہے جس میں ایک راہ گیر بچہ بھی نشانہ بنا ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مختلف عسکریت پسندوں گروپوں کے مابین اختلافات کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ پچھلے ماہ نامعلوم مسلح افراد نے میرانشاہ کے قریب طالبان کے سینئر کمانڈر عصمت اللہ شاہین کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا۔

بنوں میں توچی پل کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایف سی اہلکار شریعت اللہ بھائی ارشد اللہ سمیت جاں بحق ہوگیا۔جمرود میں 2 نجی اسکولوں کے سامنے دھماکوں سے دونوں اسکولوں کے مین گیٹ تباہ ہوگئے ۔کوہاٹ پولیس نے تھانہ جرما کی حدود میں ایک گاڑی سے بارود اور بم بنانے والے آلات برآمد کرکے ایک ملزم گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کے زیراستعمال سوزوکی گاڑی قبضے میں لے لی۔ 26 کلو بارود ، 19 گز ڈیٹونیٹر تار ، 100 ریموٹ کنٹرول ریسیور اور اسلحہ کو 2 بیگوں میں چھپایا گیا تھا۔ ہنگو میں پولیس نے 3 شرپسندوں اور ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی پر 25 افراد کو گرفتار کرلیا۔

مقبول خبریں