بلدیہ عظمیٰ کا آپریشن جاری الآصف اسکوائر سے گلشن معمار تک تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا

عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر کیا جانے والا آپریشن آئندہ ہفتے تک جاری رہے گا، شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کا خاتمہ


Staff Reporter March 13, 2014
سپر ہائی وے کے دونوں اطراف سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا، چیئرمین اینٹی انکروچمنٹ ٹاسک فورس بلال منظر۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اینٹی انکروچمنٹ ٹاسک فورس نے سہراب گوٹھ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کو چوتھے روز بھی جاری رکھا اور الآصف اسکوائر سے گلشن معمار تک سپر ہائی وے کے گرد تمام تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔

یہ آپریشن عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی نے تمام عملے کو ہدایات دی ہیں کہ اس آپریشن کو آئندہ ہفتے تک جاری رکھا جائے اور سپر ہائی وے کے دونوں اطراف میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اس آپریشن میں سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اور چیئرمین ٹاسک فورس بلال منظر ، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ مظہر خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شاکر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور فوکل پرسن نسیم الغنی، ڈپٹی ڈائریکٹر آصف ناصر الدین جٹہ اور دیگر افسران و عملے نے حصہ لیا، سہراب گوٹھ سے لے کر گلشن معمار تک تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران سڑک کے اطراف سے بھاری مشینری جس میں شاولز، بجری کے ٹرکس، کرینز، ڈمپرز، لوڈرزاور دیگر ناکارہ گاڑیوں کو ہٹا دیا گیا، آپریشن کے دوران اب تک 8 کلو میٹر سے زیادہ کا علاقہ صاف کردیا گیا ہے، سینئر ڈائریکٹر اور چیئرمین اینٹی انکروچمنٹ ٹاسک فورس بلال منظر نے کہا کہ سپر ہائی وے کے دونوں اطراف سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا اور تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی آئندہ ہفتے تک جاری رہے گی۔

دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی کی ہدایات پر جاری اینٹی انکروچمنٹ مہم شہر بھر میں جاری ہے اور اس دوران صدر، پی ای سی ایچ ایس، بلال کالونی کورنگی ،نیو کراچی ، سولجر بازار، الٰہ دین پارک، پی آئی بی کالونی، محمد علی ہائوسنگ سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سہراب گوٹھ سے ٹول پلازہ تک پورے علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سپرہائی وے کے توسیعی منصوبے پر عملدرآمد کرے گی جس سے سپر ہائی وے پر بیرون شہر سے آنے والی اور اندرون شہر سے جانے والی گاڑیوں کو آمدورفت کی بہتر سہولتیں فراہم ہوں گی، اینٹی انکروچمنٹ ٹاسک فورس کی ٹیم شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے بھرپور کارروائی کر رہی ہے، مذکورہ بالا کارروائی میں علاقہ مکینوں کی جانب سے بھرپور تعاون ٹاسک فورس کو حاصل رہا جبکہ بڑی گاڑیوں کے مالکان نے اپنی گاڑیوں کو ہٹانے کے لیے 2 دن کی مہلت مانگی جس پر ٹاسک فورس کے عملے نے انھیں 2 دن کی مہلت دیدی ہے۔