وادی سوات میں کالعدم ٹی ٹی پی کے مسلح افراد کی موجودگی مبالغہ آرائی ہے آئی ایس پی آر

عسکریت پسندوں کی کسی بھی جگہ پر موجودگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ترجمان پاک فوج


ویب ڈیسک August 14, 2022
فوٹو:فائل

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے سوشل میڈیا پر وادی سوات میں کالعدم ٹی ٹی پی کے مسلح افراد کی موجودگی کو مبالغہ آرائی قرار دے دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وادی سوات میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے مسلح ارکان کی بڑی تعداد کی مبینہ موجودگی کے بارے میں ایک غلط فہمی سوشل میڈیا پر پیدا کی گئی، ایسی رپورٹ انتہائی مبالغہ آمیز اور گمراہ کن ہیں۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سوات اور دیر کے درمیان چند پہاڑی چوٹیوں پر مسلح افراد کی موجودگی ضرور دیکھی گئی ہے جو آبادی سے بہت دور ہیں، بظاہر یہ افراد اپنے آبائی علاقوں میں دوبارہ آباد ہونے کے لیے افغانستان سے چوری چھپے آئے تھے۔

مزید پڑھیں: مراد سعید کا سوات کے حالات کنٹرول کرنے کے لیے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہاڑوں میں ان کی محدود موجودگی اور نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، تمام سیکیورٹی اداروں کی طرف سے مذکورہ علاقوں کے لوگوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عسکریت پسندوں کی کسی بھی جگہ پر موجودگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر طاقت کے بھرپور استعمال سے نمٹا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں