مالی وسائل کی کمی کے باعث بہت سے کام نہیں کرپاتے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ

شہر کی ترقی کیلیے کام کرنے کے مواقع موجود ہیں،امید ہے جلد شہر کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے


Staff Reporter March 15, 2014
شہر کی ترقی کیلیے کام کرنے کے مواقع موجود ہیں،امید ہے جلد شہر کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ کراچی میں بہت پوٹینشل موجود ہے یہاں مختلف شعبوں اور شہر کی ترقی کیلیے کام کرنے کے مواقع بھی موجود ہیں مگر فنڈز کی کمی کے باعث بہت سے کام نہیں ہو پاتے اس کے باوجود بلدیہ عظمیٰ کراچی کی موجودہ ٹیم نے شہریوں کے مسائل حل کرنے اور شہر میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کیلیے دن رات کام کیا اور ریکارڈ مدت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا، شہر کی ترقی کا یہ سفر ابھی جاری ہے۔

ہمیں امید ہے کہ ہم جلد اس شہر کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہونگے، ان خیالات کا اظہار انھوں اپنے دفتر میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے سترویں مڈ کریئر مینجمنٹ کورس کے شرکا پر مشتمل ایک 25 رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جنھوں نے جمعہ کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر سوک سینٹر کا مطالعاتی دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو، مشیر مالیات فرحان درانی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن ریحان خان ،سینئر ڈائریکٹر ای اینڈ آئی پی بشیر خان سدوزئی، سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم شعیب وقار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی نے وفد کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلیے مرکزی دروازے کی حیثیت رکھتی ہے اور 2 کروڑ سے زائد آبادی کو مختلف بلدیاتی سہولیات فراہم کررہی ہے اس وقت بھی شہر میں مختلف مقامات پر کئی ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرلیا گیا ہے، شہر کا لینڈ کنٹرول مختلف اداروں کے پاس ہے اس وقت بھی شہر میں تقریباً 13 مختلف ادارے اپنی اپنی حدود میں کام کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کیلیے جہاں ایک جانب فلائی اوورز اور انڈر پاسز بنائے جارہے ہیں وہیں دوسری جانب کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور بس ریپڈ ٹرانزٹ سروس کے منصوبے پر بھی کام ہورہا ہے، اس موقع پر وفد کے سربراہ محمد طیب نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اور کورس میں شامل دیگر افسران کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں آکر اور یہاں سینئر آفیسرز سے ملاقات کرکے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔