ایک جماعت کی سیاست سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اگست 2022
سیلاب زدگان کو فی خاندان 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے،شہباز شریف:فوٹو:سوشل میڈیا

سیلاب زدگان کو فی خاندان 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے،شہباز شریف:فوٹو:سوشل میڈیا

سجاول: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی جماعت ایسی سیاست کررہی ہے جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سجاول میں سیلاب سے متاثر علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ایک جماعت کی سیاست سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس سے بڑی ملک کے ساتھ  کوئی سازش نہیں ہوسکتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  وفاقی حکومت پورے ملک کے سیلاب زدگان کے لئے 38 ارب روپے فراہم کرے گی۔ ہر خاندان کو 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ امدادی کام تیزی سے جاری ہے اور کوشش ہے کہ متاثرین کی بروقت مدد کریں۔

مزید پڑھیے: سیلاب سے متاثرہ آخری آدمی کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، آرمی چیف

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے۔ سندھ  میں چاروں طرف پانی پھیلا ہوا ہے کوئی جگہ خشک نہیں۔ باقی صوبوں کو بھی یہ امداد دی جائے گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ شمالی علاقوں میں بھی سیلاب  اوربارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ ہمیں نوشہرہ کے حوالے سے الرٹ رہنا ہوگا۔  سوات اور کالام میں سیلابی ریلے سے ہوٹل، گھر، عمارتیں اور مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کے لئے ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے امداد فراہم کررہے ہیں۔ ہمیں ہمت سے کام لینا ہوگا اور مل کر موجودہ صورتحال سے نمٹنا ہوگا۔ این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر بحالی کا کام کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔