شاہین جیسا کوئی نہیں، بابر صحیح آؤٹ ہوئے ورنہ نظر لگ جاتی، محمد رضوان

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 4 ستمبر 2022
مذاق میں آپس میں کہہ چکے کہ اگر فائنل میں بھارت سے سامنا ہوا تو بیسٹ آف تھری سیریز ہی ہو گئی، وکٹ کیپر (فوٹو: کرک انفو)

مذاق میں آپس میں کہہ چکے کہ اگر فائنل میں بھارت سے سامنا ہوا تو بیسٹ آف تھری سیریز ہی ہو گئی، وکٹ کیپر (فوٹو: کرک انفو)

لاہور: پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ پیسرز کی موجودہ کھیپ میں شاہین شاہ آفریدی جیسا کوئی نہیں اوربابر کا جلد آؤٹ ہونا اچھا ہے ورنہ نظر لگ جائے گی۔

محمد رضوان نے ہانگ کانگ کے خلاف فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ دبئی اور شارجہ کی وکٹ سلو ہوتی ہے، اسی لیے پاور پلے میں اسکور کم ہوتا ہے، کنڈیشنز بہت مشکل تھیں، اس لیے شروع میں دھیان رکھنا پڑتا ہے تاکہ وکٹ نہ گنوا دیں، بھارت کے خلاف میچ پریشر والا ہوتا ہے، مذاق میں آپس میں کہہ چکے کہ اگر فائنل میں بھارت سے سامنا ہوا تو بیسٹ آف تھری سیریز ہی ہوگئی۔

مزید پڑھیں: ہماری ٹیم بھارت کو سپر فور مرحلے میں شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے، شاہد آفریدی

وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ میں چیزوں کو نارمل رکھنے کی کوشش کرتا ہوں،کرکٹ کو سادہ رکھا جائے تو بہتر ہے، کھیل کے دوران کریمپس کسی بھی وقت پڑسکتے ہیں، رضوان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی کمی کوئی پوری نہیں کر سکتا، مگر  ہمیں ایک اور شاہین، نسیم شاہ کی شکل میں مل سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بابر اعظم سپر اسٹار ہے، صرف دو میچز میں آؤٹ ہوئے ہیں، ہم تو کہتے ہیں کہ صحیح آؤٹ ہوئے، ان کو نظر نہ لگ جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔