سینٹرل جیل کے گرد بم پروف دیوار تعمیرکرنے کے کام آغاز

اندر بھی بم پروف دیوار تعمیرہوگی،جیل چورنگی فلائی اوور کا لوپ ٹریفک کیلیے بند


Staff Reporter March 18, 2014
اندر بھی بم پروف دیوار تعمیرہوگی،جیل چورنگی فلائی اوور کا لوپ ٹریفک کیلیے بند۔ فوٹو : فائل

کالعدم تنظیموں کی جانب سے سینٹرل جیل پر حملے کی دھمکیوں کے بعد جنگی بنیادوں پر سینٹرل جیل کے گرد بم پروف دیوار بنانے کا آغاز کردیا گیا ۔

حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کی غرض سے جیل کے اندر بھی بم پروف دیوار بنائی جائے گی ، حالیہ دھمکیوں کے بعد جیل چورنگی فلائی اوور کا لوپ بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق کراچی کی سینٹرل جیل پر کالعدم تنظیموں کی جانب سے سینٹرل جیل پر حملے کی دھمکیوں کے بعد جیل کے ارد گرد حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کردیے گئے ، اس سلسلے میں تقریباً 6 ماہ قبل سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے کراچی سمیت صوبے بھر کی 7 جیلوں کے گرد بم پروف دیوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی سندھ حکومت نے منظوری بھی دے دی ، اب جنگی بنیادوں پر یونیورسٹی روڈ کی جانب سینٹرل جیل کے گرد بم پروف دیوار کا تعمیراتی کام شروع کردیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ سخت ترین حفاظتی اقدامات کے تحت ایسی ہی بم پروف دیوار جیل کے اندر بھی بنائی جائے گی جس کے بعد جیل کے گرد 3 دیواروں کا حصار ہوجائے گا ، ذرائع نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں بھی ایک کالعدم تنظیم نے جیل پر حملے کی دوبارہ دھمکی دی ہے جس کے بعد حکام نے جیل چورنگی فلائی اوور کا جیل کی جانب لوپ ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے ، اس سلسلے میں جیل حکام کا کہنا ہے کہ فلائی اوور پر اسٹیل کی شیٹوں کی اونچائی بڑھائی جائے تاکہ جیل اسٹاف کی کالونی کی بھی حفاظت یقینی بنائی جاسکے ، شیٹوں کی عدم تنصیب یا ان کی اونچائی کم ہونے کے باعث اسٹاف کے کوارٹرز جیل سے باآسانی نظر آتے ہیں اور ان پر حملوں کے خطرات بڑھ گئے ہیں ۔

مقبول خبریں