سیہون شریف کی آبادی کو بچانے کیلیے منچھر جھیل میں کٹ لگادیا گیا

ویب ڈیسک  اتوار 4 ستمبر 2022
(فوٹو : سوشل میڈیا)

(فوٹو : سوشل میڈیا)

 حیدرآباد: سندھ حکومت نے سیہون اور بھان سعید آباد کو بچانے کے لیے منچھر جھیل میں کٹ لگادیا جس کے بعد متاثرہ افراد کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق منچھر جھیل میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے سبب جھیل کے بندوں پر دباؤ بڑھ گیا اور ان کے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، جھیل میں پانی کی آمد زیادہ اور اخراج کم ہے، پانی کی بلند ہوتی سطح سے نمٹنے کے لیے منچھر جھیل میں آر ڈی 14 کے مقام پر بند میں کٹ لگادیا گیا۔

بند میں شگاف ڈالنے کے بعد پانی طے شدہ رخ کی طرف جانے لگا، متاثرہ افراد کو بچانے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے امدادی آپریشن جاری ہے۔

میرا ایک گاؤں پہلے ڈوبا اور اب دوسرا ڈوب جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سہون کے بچاؤ بند پر کٹ لگانے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منچھر کا لیول 123  فٹ پہنچ گیا تھا، تیز ہوا کے نتیجے میں پانی کی لہریں بند کے اوپر سے گزر رہی تھیں، ہم نہیں چاہتے تھے کہ ہمارے شہروں کو نقصان پہنچے، سیہون شہر کو بچانے کے لیے آر ڈی 14 پر کنٹرولڈ کٹ لگایا ہے۔

مزید پڑھیں: سیلاب سے 80 اضلاع کے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بند میں شگاف سے پانچ یونین کونسلز متاثر ہوں گی، سال 2010ء میں بھی یہی یوسیز متاثرہوئی تھیں، شگاف ڈالنے سے منچھر جھیل میں پانی کی سطح کم ہوگی، انڈس لنک پر بھی کام کیا جائے گا تاکہ بھان شہر کو بچایا جاسکے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایم این وی کو سال دوہزار دس میں بھی بچایا تھا اور یہ اب بھی بچی ہوئی ہے، سیہون تحصیل کے لوگوں اور پانچ یونین کونسلوں کے لوگوں کو پورے سندھ کا پانی برداشت کرنا پڑے گا، میں اپنے لوگوں کے ساتھ ہوں اس لیے یہاں موجود ہوں، سیہون کے لوگ اپنے شہر اور یونین کونسلوں کو بچانے کے لیے محکمہ آبپاشی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 24 گھنٹے میں سیلاب سے مزید 26 افراد جاں بحق، تعداد 1290 ہوگئی

انہوں نے کہا کہ جب دریائے سندھ میں پانی چڑھا ہوتا ہے تو پھر منچھر جھیل کے پانی کا دریائے سندھ میں اخراج بھی کم ہوجاتاہے، اللہ نے منچھر جھیل کو ایشیا کی سب سے بڑی جھیل بنایا ہے اور کوئی پانی کو نہیں روک سکتا، میں بھی منچھر جھیل کا متاثر ہوں، میرا ایک گاوں باجارا پہلے ڈوب گیا جہاں میرے والد سید عبداللہ شاہ پیدا ہوئے تھے اور اب اس کٹ کے بعد دوسرا بھی ڈوب جائے گا۔

کٹ لگانے سے ایک لاکھ 25 ہزار افراد متاثر ہوں گے، شرجیل میمن

قبل ازیں حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیہون اور بھان سعید آباد کو بچانے کے لیے کٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، کٹ لگانے سے ایک لاکھ 25 ہزار افراد شدید متاثر ہوں گے، لوگوں کو نکالنے کے لیے پوری سرکاری مشینری لگی ہوئی ہے۔

یہ پڑھیں : دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب، ہزاروں افراد پھنس گئے، سیکڑوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع

انہوں نے بتایا کہ کٹ لگانے سے 5 یونین کونسلز متاثر ہوں گی، وزیر اعلی سندھ کا علاقہ واہڑ بھی بری طرح متاثر ہوگا، کٹ سے بوبک، اراضی، جعفرآباد اور یوسی چنہ شدید متاثر ہوں گی۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ بھی اپنے آبائی علاقے پہنچ گئے ہیں، سیلاب سے تاحال سندھ میں 563 اموات ہوچکی ہیں اور 2 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔