کراچی میں ڈاکو راج، مزاحمت پر ایک ہفتے میں تاجر سمیت 9 شہری قتل

ساجد رؤف  منگل 6 ستمبر 2022
فوٹو: ایکسپریس

فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: نیوایم اے جناح روڈ  کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں نے تاجرکو فائرنگ کرکے قتل کردیا، گزشتہ 7 روزکے دوران شہرقائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پرجاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آکر ڈاکوؤں کا ایک ساتھی بھی موقع پر ہلاک ہوگیا،ایک ہفتےکے دوران پیش آنیوالے واقعات میں کئی شہری زخمی بھی ہوچکے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس  موقع پرپہنچ گئی اورفوری طور پرزخمی ہونے والے شہری کواسٹیڈیم روڈ پرواقع نجی اسپتال منقتل کیا گیا جہاں ڈاکٹرزنے شدید زخمی شہری کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی،ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکوکی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔

ایس ایچ اوجمشید کوارٹرچوہدری اعظم نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت30 سالہ احمد ولد محمد اشرف کے نام سے ہوئی،مقتول نوجوان کی نیو ایم اے جناح روڈ پردہ پارک کے قریب اسپیئرپارٹس کی دکان تھی۔

مزید پڑھیں:کراچی میں ڈاکوؤں نے پولیس افسر کو لوٹ لیا، تشدد کا نشانہ بھی بنادیا

پولیس کے مطابق مقتول گاڑیوں کی خریدو فروخت کا کام بھی کرتا تھا، مقتول نوجوان گلستان جوہر، جوہراسکوائرکارہائشی اوروالدین کا اکلوتا بیٹا بتایا جاتا ہےجبکہ مقتول خود بھی ایک بیٹی کا باپ تھا۔

،ایس ایچ اونے بتایا کہ مقتول نوجوان صدرمیں واقع جہانگیر پارک کے قریب گاڑی فروخت کرکےرقم وصول کرنے کے بعدآن لائن ٹیکسی میں سوارہوکرنیوایم اے جناح روڈ پردہ پارک کے قریب اپنی دکان کے قریب پہنچا تو3 سے 4ڈاکواحمد کا تعاقب کرتے ہوئے قریب پہنچ گئے۔

مسلح ڈاکوؤں نے رقم چھینے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس کےنتیجے میں احمد سینے سمیت جسم کے مختلف حصوں پر تین گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جبکہ مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی موقع پر ہلاک ا، زخمی احمد کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستےمیں دم توڑ گیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کا نام شاہد حسین معلوم ہوا ہے جواورنگی ٹاؤں کا رہائشی ہے،مقتول نوجوان احمد کےپاس سے 9لاکھ 12ہزار 500 روپے ملے ہیں جو پولیس نے ان کے والد کے حوالے کر دیئے ہیں۔

چوہدری اعظم کے مطابق  پولیس نے آئن لائن ٹیکسی کے ڈرائیورکوبھی حراست میں لیا ہے جس نے بتایا کہ شہری احمد صدرجہانگیر پارک سے ٹیکسی میں سوار ہوا اور وہیں سے مسلح ڈکیتوں نے ان کا تعاقب شروع کیا ، انھوں نے بتایا کہ موقع پر سے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 7 روزکے دوران شہرقائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پرجاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے جبکہ کئی شہری زخمی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔