غداری کیس کی منتقلی سے متعلق خصوصی عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

پرویزمشرف نے بحیثیت آرمی چیف ایمرجنسی لگائی تھی اس سلسلے میں خصوصی عدالت کا فیصلہ غیرقانونی ہے، درخواست میں موقف


ویب ڈیسک March 18, 2014
خصوصی عدالت نے مقدمہ فوجی عدالت منتقل کرنے کی درخواست21 فروری تک مستردکی تھی فوٹو: فائل

KARACHI: سابق صدر پرویز مشرف نے غداری کیس کی فوجی عدالت منتقلی سے متعلق خصوصی عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صدر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے آرمی چیف کی حیثیت سے 3 نومبر 2007 کو ایمرجنسی نافذ کی تھی، اس سلسلے میں خصوصی عدالت کا فیصلہ غیرقانونی اور غیرآئینی ہے، اس لئے عدالت سے استدعاہے کہ ان کے خلاف سنگین غداری کا مقدمہ فوجی عدالت میں منتقل کیا جائے۔

واضح رہے کہ پرویز مشرف کے وکلا کا مؤقف ہے کہ خصوصی عدالت میں سنگین غداری کے مقدمے کی سماعت غیرآئینی ہے ان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلنا چاہئے، اس حوالے سے انہوں نے خصوصی عدالت میں بھی درخواست دائر کی تھی تاہم اسے مسترد کردیا گیا تھا۔