بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ پاکستان پہنچ گئے وزیر اعظم نے استقبال کیا

شیخ حمد کے پاکستان پہنچنے پر وزیر اعظم نے آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا


ویب ڈیسک March 18, 2014
اپنے دورے کے دوران شیخ حمد وزیر اعظم اور صدر ممنون حسین سے ملاقاتیں کریں گے ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ وزیر اعظم نواز شریف کی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ نور خان ایئربیس پہنچے جہاں ان کا وزیر اعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر وفاقی وزرا خواجہ آصف، پرویز رشید اور احسن اقبال بھی موجود تھے جبکہ معزز مہمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اپنے 3 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم اور صدر ممنون حسین سے ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور، علاقائی اور عالمی امور زیر غور آئیں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بحرین کے بادشاہ کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 4 دہائیوں میں بحرین کے بادشاہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔