بابراعظم کے پاس تیسرا فاتح پاکستانی کپتان بننے کا موقع

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 11 ستمبر 2022
آج ایشیاکپ فائنل میں کامیابی معین اور مصباح کی صف میں جگہ دلا دے گی (فوٹو: اے ایف پی)

آج ایشیاکپ فائنل میں کامیابی معین اور مصباح کی صف میں جگہ دلا دے گی (فوٹو: اے ایف پی)

لاہور: ایشیا کپ میں بابراعظم کو تیسرا فاتح پاکستانی کپتان بننے کا موقع مل گیا۔

ایشیا کپ پہلی بار 1984 میں شارجہ میں ہوا تھا،ایونٹ کا 15واں ایڈیشن یواے ای میں جاری ہے،ابھی تک پاکستان نے صرف 2 بار ہی ٹائٹل پر قبضہ جمایا ہے،2 مرتبہ گرین شرٹس رنرز اپ رہے، ٹیم نے دونوں ٹائٹل ون ڈے فارمیٹ میں حاصل کیے۔

2000 کے ڈھاکا میں شیڈول فائنل میں پاکستان نے معین خان کی زیرقیادت سری لنکا کو 39 رنز سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ٹرافی اٹھائی تھی، گرین شرٹس نے 4 وکٹ پر 277 کا مجموعہ پایا، مین آف دی میچ معین خان نے صرف 31 بالز پر ناقابل شکست 56 رنز بنائے،انضمام الحق 72 پر ناقابل شکست رہے،سعید انور نے بھی 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی، پھر ٹیم نے مارون اتاپتو کی سنچری کے باوجود سری لنکا کو 238تک محدود کرلیا تھا،وسیم اکرم، محمد اکرم اور ارشد خان نے 2،2شکار کیے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیاکپ کب کب جیتا؟

دوسری مرتبہ پاکستان نے 2012میں مصباح الحق کی زیر قیادت ٹائٹل جیتا،میر پور میں کھیلے جانے والے فائنل میں گرین شرٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان بنگلادیش کو مات دی، ٹیم نے محمد حفیظ کے 40 اور سرفراز احمد کے ناقابل شکست 46رنز کی بدولت 9وکٹ پر 236رنز بنائے۔

جواب میں بنگلادیشی ٹیم 8 وکٹ پر 234 رنز تک محدود رہی،اعزاز چیمہ 3 جبکہ عمر گل اور سعید اجمل 2،2 وکٹیں لے اڑے تھے، شاہد آفریدی نے برق رفتار 32رنز بنانے کے ساتھ کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 28 رنز دے کر ایک وکٹ لی اور مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔