کراچی والوں کے لیے بری خبر کے ایم سی ٹیکس کی وصولی بجلی بلوں سے ہوگی
کے ایم سی بلوں کی ادائیگی کیلئے کے الیکٹرک صارفین سے 3ارب وصول کرے گی
سندھ حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان خاموش معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت صارفین کو بجلی کے بلوں کے ساتھ میونسپل ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کے ایم سی کے واجبات کی وصولی کیلئے کے الیکٹرک صارفین سے میونسپل ٹیکس کی مد میں سالانہ 3 ارب روپے وصول کرے گی۔
کے الیکٹرک اور کے ایم سی کے درمیان طے پانے والے معاہدہ کے تحت تخمینہ کے مطابق کے الیکٹرک بل کے ذریعے کراچی کے شہریوں کے جیب سے ماہانہ 25 کروڑ اور سالانہ 3 ارب روپے تک نکالے جائینگے۔
معاہدے کے مطابق کراچی کے مجموعی طور پر 24 لاکھ صارفین سے میونسپیل ٹیکس وصول کیا جائے گا، ایک گھر میں ایک سے زائد میٹروں پر بھی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
مزید یہ کہ کمرشل صارفین اور انڈسٹریل صارفین کو ماہانہ دو سو روپے میونسپل ٹیکس کی صورت میں دینا ہوگا،سات سو سے زائد یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے دو سو روپے،دو سو یونٹ استعمال کرنے والے کے لیے پچاس روپے,دو سو سے سات سو یونٹ کے لیے ڈیرھ سو روپے میونسپل ٹیکس عائد کر دیا گیاہے۔
کے الیکٹرک اور کے ایم سی میں ٹیکس وصولی معاہدہ کے متعلق شہریوں کو آگاہ کئے بغیر کے الیکٹرک نے بجلی کے بلوں میں خاموشی سے کے ایم سی چارجز لینا شروع کردئیے ہیں۔