پاکستان ٹی20 کی اچھی اور مضبوط ٹیم ہے، انگلش کرکٹر

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 17 ستمبر 2022
فوٹو پی سی بی (اسکرین گریپ)

فوٹو پی سی بی (اسکرین گریپ)

 کراچی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بلے باز  ڈیوڈ میلان نے کہا ہے کہ پاکستانی ہمیشہ کھلے دل سے ہمارا استقبال کرتے ہیں، پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں ڈیوڈ میلان نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں پاکستان اچھی اور مضبوط ٹیم ہے جس کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، مجھے پی ایس ایل کھیلنے سے فائدہ ہوا جس کا تجربہ اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں، امید ہے پاکستان کے خلاف اچھی سیریز ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے میرے کیریئر میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ مجھے  پی ایس ایل میں کھیل کر بہت تجربہ حاصل ہوا، سپرلیگ دوسری لیگز سے مختلف ہے۔

مزید پڑھیں: میری نظر کپتانی پر نہیں بلکہ اپنے کھیل پر ہے، شان مسعود

ڈیوڈ میلان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اچھی اور مضبوط  ٹیم ہے، میزبان ٹیم کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز دلچسپ رہے گی، جوز بٹلر کی میچز میں عدم شرکت سے کمی محسوس ہوگی مگر امید ہے کہ معین علی اچھے انداز میں ہماری قیادت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستان دوبارہ آنا ایک بہت اچھا تجربہ ہے، پاکستانی لوگ ہمیشہ کھلے دل سے ہمارا استقبال کرتے ہیں، پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں اور یہ خوش آئند ہے کہ اب پاکستان میں مسلسل ٹیمیں آرہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔