بات کریں ذات پر حملہ نہ کریں، عاقب جاوید کی تنقید پر کپتان کا کرارا جواب

اسپورٹس ڈیسک  منگل 20 ستمبر 2022
بابر اعظم نے خود پر عاقب جاوید کی تنقید کا جواب دے دیا۔ فوٹو: پی سی بی

بابر اعظم نے خود پر عاقب جاوید کی تنقید کا جواب دے دیا۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نےعاقب جاوید کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات ضرور کریں مگر کسی کی ذات پر حملہ نہیں ہونا چاہیے۔

کراچی میں میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ سابق پیسر نے میرے رن ریٹ کے حوالے سے جو کہا وہ میں نے نہیں سُنا لیکن انہیں کچھ بولتے ہوئے خیال کرنا چاہیے، وہ خود بھی کبھی کرکٹر رہے ہیں۔

بابراعظم نے کہا کہ سب کی اپنی رائے ہوتی ہے، ہم ان کی باتیں سنتے ہیں نہ ہی باہر کی باتیں اندر لے کر آتے ہیں، سابق کرکٹرزبات ضرور کریں لیکن بحیثیت کھلاڑی آپ خود بھی ان تمام حالات سے گزرے ہوتے ہیں، انٹرنیشنل سطح پر کھیلنا کتنا مشکل اور کتنی ذمہ داری و دباؤ والا کام ہوتا ہے یہ آپ سب جانتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم کو ون ڈائون پوزیشن پر کھیلنے کا مشورہ ملنے لگا

انہوں نے کہا کہ بات ضرور کریں مگر کسی کی ذات پر حملہ نہیں ہونا چاہیے، میں پوری ٹیم کی بات کررہا ہوں نہ ہمیں فرق پڑتا ہے کہ کون کیا کررہا ہے؟

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عاقب جاوید نے محمد رضوان اور بابر اعظم کے حوالے سے کہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اوپنرز پاکستان کو کوئی ٹورنامنٹ جتوانے والے نہیں ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کراچی کنگز سے میچ کھیلتے ہوئے ہم بابر کو آؤٹ کرنے کی زیادہ کوشش نہیں کرتے تھے کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ ان کی موجودگی میں رن ریٹ کم ہی رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔