ٹِک ٹاک پر 2 کروڑ70 لاکھ پاؤنڈز جرمانہ عائد ہونے کے امکانات
ٹِک ٹاک کو برطانیہ کے ڈیٹا پروٹیکشن لاء کی خلاف ورزی کرنے پر ہرجانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے
مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹِک ٹاک پر برطانیہ میں ممکنہ طور پر 2 کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈز کا جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔ کمپنی کو بچوں کی پرائیویسی کی حفاظت میں ناکامی کے سبب برطانیہ کے ڈیٹا پروٹیکشن لاء کی خلاف ورزی کرنے پر ہرجانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے انفارمیشن کمیشنرز آفس(آئی سی او) کی جانب سے سوشل میڈیا کمپنی کو ایک نوٹس آف اِنٹینٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہ ایک قانونی دستاویز ہوتی ہے جس کے بعد ممکنہ جرمانے کی راہ ہموار ہوتی ہے۔
دستاویز کے مطابق مئی 2018 سے جولائی 2020 کے درمیان ٹِک ٹاک نے ممکنہ طور پر 13 سال سے کم عمر بچوں کی معلومات ان کے والدین کی مرضی کے بغیر آگے بڑھایا۔
کمپنی ممکنہ طور پر اپنے صارفین کو جامع، شفاف اور آسانی سے سمجھ میں آنے والی باقاعدہ معلومات فراہم کرنے میں بھی ناکام رہی اور بغیر کسی قانونی بنیادوں کے 'اسپیشل کیٹگری ڈیٹا' آگے بڑھایا۔
ٹِک ٹاک نوجوانوں میں انتہائی مقبول ایپلی کیشن ہے اور اس کو دنیا بھر میں ہر ماہ ایک ارب سے زیادہ افراد استعمال کرتے ہیں۔
بیجنگ کی مقامی کمپنی بائٹ ڈانس کی ملکیتی ایپلی کیشن پر آئی سی او کی جانب سے ٹِک ٹاک کی سالانہ آمدنی کے چار فی صد تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
انفارمیشن کمشنر جان ایڈورڈز کا کہنا تھا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ بچے ڈیجیٹل دنیا کے متعلق سیکھنے اور اس کا تجربہ کرنے کے قابل ہوں لیکن مناسب ڈیٹا پرائیویسی حفاظت کے ساتھ۔