سارہ قتل کیس؛ ملزم شاہ نواز کی والدہ کی عبوری ضمانت میں 3 اکتوبرتک توسیع

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 اکتوبر 2022
ثمینہ شاہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر ملزم گرفتار ہوا، وکیل درخواست گزار:فوٹو:فائل

ثمینہ شاہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر ملزم گرفتار ہوا، وکیل درخواست گزار:فوٹو:فائل

اسلام آباد کی عدالت نے سارہ قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ نواز کی والدہ ثمینہ شاہ کی عبوری ضمانت میں 3 اکتوبرتک توسیع کردی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل جج شیخ سہیل نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ ملزم شاہ نواز کی والدہ ثمینہ شاہ اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ فارم ہاؤس میں لڑکی کی موجودگی سے متعلق خاتون کو کیا معلوم نہیں تھا ؟ ثمینہ شاہ نے پولیس کو ڈائریکٹ اطلاع کیوں نہیں دی ؟

عدالت کا مزید کہنا تھا کہ خاتون 40 سال سے وہاں رہ رہی ہیں اور لڑکی کا اس کو معلوم بھی تھا۔ ثمینہ شاہ کی سابق شوہر ایاز امیر سے بات ہوئی  آپ نے ذکر نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: سارہ قتل کیس میں سینئر صحافی ایاز امیر کو بری کرنے کا حکم

ثمینہ شاہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہماری طرف سے بروقت اطلاع دے دی گئی تھی۔ ملزم شاہ نواز نے پہلے ایاز امیر پھر مجھے کال کی۔ چالیس کنال کا فارم ہاؤس ہے درخواست گزار پہنچیں تو سارا وفات پا چکی تھیں۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ میسج میں شاہ نواز نے ثمینہ شاہ کو کہا آپ سارا کی فیملی سے رخصتی متعلق بات کریں۔  اس کے بعد ثمینہ شاہ سو گئیں ان کو نہیں معلوم رات کو پھر کیا ہوا۔ ان کا کردارصرف یہ تھا کہ ملزم کو کمرے میں بیٹھا کر پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے موقع پرپہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔