جونیئر لیگ میں پی سی بی پیسہ پانی کی طرح بہانے لگا

ایونٹ پر80 کروڑ سے ایک ارب روپے تک کے اخراجات ہو سکتے ہیں


Saleem Khaliq October 06, 2022
صرف مینٹورز کو ہی ایک،ایک کروڑ روپے سے زائد رقم دی جائے گی ۔ فوٹو : فائل

پاکستان جونیئر لیگ میں پی سی بی پیسہ پانی کی طرح بہانے لگا۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے ڈریم پروجیکٹ پاکستان جونیئر لیگ کا آغاز جمعرات کو لاہور میں ہو رہا ہے، ایونٹ کیلیے کچھ عرصے قبل جب ٹائٹل اسپانسر شپ کا ٹینڈر جاری کیا گیا تو صرف2 ہی کمپینز سامنے آئیں، انھوں نے بھی ریزرو پرائس کے 25 فیصد سے بھی کم کی بولی لگائی،3 سال کے 45 کروڑ روپے رکھے گئے مگر9 کروڑ سے آگے کوئی نہ بڑھا۔

لائیو اسٹریمنگ کیلیے4 کروڑ20 لاکھ کی ریزرو پرائس رکھی تو واحد کمپنی نے70 لاکھ روپے کی بڈ دی، ٹی وی رائٹس سے بھی بڑی رقم ہاتھ آنے کے ارمان پہلے ہی ٹھنڈے ہو گئے تھے، فرنچائز کے حقوق خریدنے میں ایک ہی کمپنی سامنے آئی جس پر بورڈ نے خود ہی ٹیموں کو سنبھالنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق مالی اعتبار سے پی جے ایل سراسر گھاٹے کا سودا ثابت ہو گی، اس پر بورڈ کے 80 کروڑ سے ایک ارب روپے تک خرچ ہو سکتے ہیں، مینٹورز کولن منرو، عمران طاہر،ڈیرن سیمی، ویوین رچرڈز،شاہد آفریدی، جاوید میانداد اور شعیب ملک کو ہی ایک، ایک کروڑ روپے سے زائد دیے جا رہے ہیں، فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹیموں کے قیام اور کھلاڑیوں کے معاوضوں پر بھی بڑی رقم خرچ ہو گی، غیرملکی کرکٹرز کے سفری اخراجات پر بھی کافی رقم لگی ہے۔ ٹی وی پروڈکشن پر بھی 25 سے30 کروڑ کے اخراجات ہوں گے۔

اس حوالے سے رابطے پر ترجمان نے کہا کہ دیگر کرکٹ فیڈریشنز کی طرح پی سی بی بھی عوامی سطح پر کسی ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل سیریز کے اخراجات ظاہر نہیں کرتا، پی جے ایل ہمارے ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ اور قومی انڈر13، 16، 19کی طرح سرمایہ کاری ہے، مگر اس کا بڑی سطح پر انعقاد ہو گا، براڈ کاسٹ کے اخراجات ایونٹ بجٹ کا حصہ اور اسے پی سی بی برداشت کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں