پاکستان ویمنز لیگ 3 سے 18مارچ تک کروانے کا فیصلہ

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 6 اکتوبر 2022
فوٹو : ویمن لیگ ٹی ٹوئنٹی/ٹویٹر

فوٹو : ویمن لیگ ٹی ٹوئنٹی/ٹویٹر

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آخر کار پاکستان ویمنز لیگ 3 مارچ سے 18 مارچ تک کروانے کا اعلان کر دیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں جونیئر لیگ کی افتتاحی تقریب میں بورڈ سربراہ رمیز راجہ نے اپنے خطاب کے دوران ٹی وی اسکرینز کی طرف متوجہ ہونے کی اپیل کی جس پر ویمنز لیگ کے حوالے سے چند سیکنڈز کی ویڈیو میں ویمنز لیگ کا لوگو دکھایا گیا اور ساتھ تین مارچ سے 18 مارچ کی تاریخ نمایاں تھی۔

اس ویڈیو کے ختم ہونے پر رمیز راجہ اسٹیج سے اتر کر اپنی سیٹ پر چلے گئے۔ بعد ازاں، پی سی بی سربراہ نے جونیئر لیگ کی ٹیموں کے کپتانوں سے حلف لیا اور ٹیموں کے مینٹورز کو باری باری اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔

پی ایس ایل مینز لیگ کا شیڈول 9 فروری سے 19 مارچ تک پہلے ہی جاری ہو چکا ہے۔ مختلف شہروں کے نام سے ویمنز لیگ میں شریک چار ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 13 میچز ہوں گے، 12 میچز کے بعد دو بہترین ٹیموں کے درمیان فائنل پی ایس ایل لیگ کے فائنل سے ایک روز پہلے رکھا گیا ہے۔

پی سی بی سربراہ رمیز راجہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی اس جونیئر لیگ کے چرچے دنیا بھر میں ہوں گے کیونکہ یہ صرف پاکستان کی لیگ نہیں بلکہ اس کو ورلڈ جونیئر لیگ کہا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیگ سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، انڈر 19 بچوں کو نمایاں معاوضے دیں گے تاکہ کھیل کو فروغ ملے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ لیگ کے مینٹورز میں ویوین رچرڈز، جاوید میانداد، ڈیرن سیمی، کولن منرو، شاہد آفریدی اور شعیب ملک جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ پی سی بی نے اس لیگ کے بہت محنت کی ہے اور ہم سب نے مل کر اسے کامیاب بنانا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔