فلپ اور فولڈ بھول جائیں، ایک بٹن سے جسامت بدلنے والا پہلا فون تیار

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2022
موٹرولا نے ایک بٹن دبا کر شکل بدلنےوالا اسمارٹ فون بنایا ہے جسے رول ایبل فون کا نام دیا گیا ہے۔ فوٹو: اسکرین شاٹ موٹرولا ویڈیو

موٹرولا نے ایک بٹن دبا کر شکل بدلنےوالا اسمارٹ فون بنایا ہے جسے رول ایبل فون کا نام دیا گیا ہے۔ فوٹو: اسکرین شاٹ موٹرولا ویڈیو

ہانگ کانگ: عموماً ہم نے جسامت بدلنے والے فلپ اور فولڈ دیکھے یا خریدے ہوں گے۔ تاہم اب موٹرولا نے تیسری قسم کے فون کا تصور پیش کیا ہے جو ایک بٹن دبانے سے رول کی طرح کھل جاتا ہے لیکن اسکرین مکمل طور پر ہموار ہی رہتی ہے۔

اس سے قبل ہم فولڈ اور فلپ فون میں دیکھ چکے ہیں کہ وسیع اسکرین کے باوجود فولڈ ہونے سے عین درمیان میں ایک تہہ دکھائی دیتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ فون زیادہ مقبول نہ ہوسکے۔

اب موٹرولا نے اپنی مرکزی کمپنی لینووو ٹیک ورلڈ کانفرنس 2022 میں اپنے انوکھے اسمارٹ فون کا تصور پیش کیا ہے۔ تاہم ایل جی اور ٹی سی ایل بھی عین انہی خطوط پر کام کر رہی ہے۔ لیکن موٹرولا نے بازی لے جاتے ہوئے شکل و جسامت بدلنے والے فون کا ایک ماڈل پیش کر دیا ہے۔

رول ہونے والا

موٹرولا نے اسمارٹ فون کو رول ایبل یا رول ہونے والا فون قرار دیا ہے۔ اس میں ایک چھوٹا فون بٹن دبانے پر لمبا ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد آپ فون پر ویڈیو دیکھ سکتے ہیں یا گیم کھیل سکتے ہیں جو بڑے اسکرین پر بہتر دکھائی دیتے ہیں۔

رول ہونے والے فون کے ضمن میں ایل جی نے بھی ایک کوشش کی تھی لیکن اس کی مزید تفاصیل منظرِ عام پر نہ آسکیں۔ تاہم توقع ہے کہ جلد دیگر کمپنیاں بھی رول ایبل فون پیش کریں گی۔

اسمارٹ فون کے تجزیہ نگاروں کے مطابق رول ہونے والے فون کا مستقبل بہت روشن ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔