لانگ مارچ کے کنٹینر کے نیچے آکر خاتون رپورٹر جاں بحق

ثاقب سلیم  اتوار 30 اکتوبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

سادھوکی: پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر کے زد میں آخر خاتون رپورٹر جاں بحق ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سادھوکی کے قریب نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر لانگ مارچ کی کوریج کے لیے موجود تھیں کہ اس دوران وہ دھکا لگنے سے کنٹرینر کے نیچے گئیں اور ٹرک ان پر چڑھ گیا۔ حادثے میں ایک شہری بھی شدید زخمی ہے۔

صدف نعیم چہرے اور سر پر لگنے والی چوٹ کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جس کے بعد اُن کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے بعد پی ٹی آئی قیادت نے کنٹرینر کو اُسی مقام پر روک دیا اور کارکنان کو پیغام دیا کہ وہ کنٹرینر کے قریب نہ آئیں اور دھکم پیل سے گریز کریں۔ عمران خان نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کا اظہار تعزیت 

وزیراعظم شہباز شریف نے خاتون رپورٹر کی حادثاتی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدف نعیم کی ہلاکت پر شدید دکھ ہے، اندوہناک پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔

مزید پڑھیں: خاتون رپورٹر کی ہلاکت؛ عمران خان نے تیسرے دن کا لانگ مارچ ختم کردیا

انہوں نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا اظہار افسوس

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے خاتون رپورٹ صدف نعیم کے واقعے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس تعزیت کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں متوفیہ کے اہل خانہ اور خاندان کے لیے دوا گو ہوں اور اُن سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

عمران خان نے مزید اعلان کیا کہ ہم تیسرے روز کا مارچ اس واقعے کی وجہ سے ختم کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے لانگ مارچ کنٹینر میں حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم کے خاوند سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے اظہار افسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، صدف نعیم اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہوئیں، اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

علاوہ ازیں سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے رپورٹر صدف نعیم کی پی ٹی آئی کے کینٹر سے گر کر ناگہانی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ صدف نعیم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اللہ تعالیٰ انکےکے درجات کوبُلند کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔