پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت

کورٹ رپورٹر  جمعرات 3 نومبر 2022
ایف آئی اے نے عمران اسماعیل کے علاوہ دیگر درخواستوں میں بھی جواب جمع کرادیا (فوٹو فائل)

ایف آئی اے نے عمران اسماعیل کے علاوہ دیگر درخواستوں میں بھی جواب جمع کرادیا (فوٹو فائل)

 کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق گورنر عمران اسماعیل اور دیگر کی درخواستوں پر ایف آئی اے کو انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے انکوائری کیخلاف سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے نے عمران اسماعیل کے علاوہ دیگر درخواستوں میں بھی جواب جمع کرادیا۔

ایف آئی اے نے جواب میں کہا کہ درخواستگزاروں کی جانب سے متنازع بینک اکاؤنٹ چلائے جارہے تھے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی بنیاد پر انکوائری شروع کی گئی۔ کراچی میں ایف آئی اے کی 5 رکنی ٹیم تحقیقات کررہی ہے۔ کراچی میں بھی پی ٹی آئی میڈیا سینٹر کراچی کے نام سے ایک بینک اکاؤنٹ موجود ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مؤقف دیا کہ ایف آئی اے مقدمہ درج کرنا چاہتی ہے مگر حکم امتناع کی وجہ سے کارروائی متاثر ہورہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ انکوائری جلد مکمل کرلیں، حکم امتناع کا معاملہ آئندہ سماعت پر دیکھیں گے۔ عدالت نے سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ درخواستگزاروں کے خلاف جن 3 بینک اکاؤنٹس کی بنیاد پر انکوائری کی جارہی ہے وہ بند ہیں۔ درخواستگزاروں کیخلاف بدنیتی کی بنا پر غیر قانونی انکوائری شروع کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے جاری کیا گیا کال اپ نوٹس کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواستگزاروں کیخلاف شروع کی گئی انکوائری ختم کی جائے۔ ایف آئی اے کی جانب سے شروع کی گئی انکوائری معطل کی جائے اور  درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو کسی بھی آرڈر جاری کرنے سے روکا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔