جیکولین فرنینڈس’’ کک‘‘کےلیے سلمان خان کی موٹر سائیکل پربیٹھ گئیں

شوبز ڈیسک  جمعـء 28 مارچ 2014
’’کک‘‘ میں سلمان کی وجہ سے کام کی حامی بھری ، یہ میرے کیرئیر کی بڑی اور بہترین فلم ثابت ہوگی،جیکولین کی صحافیوں سے گفتگو  فوٹو : فائل

’’کک‘‘ میں سلمان کی وجہ سے کام کی حامی بھری ، یہ میرے کیرئیر کی بڑی اور بہترین فلم ثابت ہوگی،جیکولین کی صحافیوں سے گفتگو فوٹو : فائل

ممبئ: سری لنکن حسینہ اور بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس جو اداکار سلمان خان کے ساتھ دہلی میں اپنی آنیوالی رومانوی اور ایکشن فلم ’’کک‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روزاداکارہ پر اس فلم کا ایک سین عکس بند کیا گیا جس میں انھیں سلمان خان کے ساتھ ایک موٹر سائیکل پر بیٹھے دکھایا گیاہے۔

واضح رہے کہ اس فلم کے ہیرو کے لیے خصوصی طور پر موٹر سائیکل تیار کروائی گئی ہے اور اس پر فلم کی ہیروئن اور ہیرو کو سوار ہوکر متعدد ایکشن سین عکسبند کروانے ہیں۔ دہلی میں فلم کی شوٹنگ کے متعلق جیکولین فرنینڈس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پہلی مرتبہ بھارتی دارالحکومت میں اپنی فلم کی عکسبندی میں حصہ لے رہی ہوں اور اس سے حقیقی طور پر لطف اندوز ہورہی ہوں اور میں نے وہ جگہیں بھی دیکھی ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھیں۔دہلی میری سوچ سے بھی زیادہ مختلف ہے اور میں اس کے متعلق کچھ بھی بیان کرنے سے قاصر ہوں۔ 28 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ کہ میں نے یہاں کی مقامی طور پر تیار کی جانیوالی ڈشز بھی کھائی ہیں اور مجھے ان سے بہت مزا آیا ہے ۔ واضح رہے کہ ہدایتکار ساجد نڈیاڈوالہ کی فلم ’’کک‘‘ 2009 کی ہٹ تیلگو فلم ’’کک ‘‘جس میں روی تیجا نے مرکزی کردار اداکیا تھا کا ہندی ریمیک ہے جس میں جیکولین فرنینڈس کے ساتھ سلمان خان مرکزی کردار اداکررہے ہیں ج بکہ نوازالدین صدیقی اور رندیپ ہودا متھن چکرورتی اور ارچنا پران سنگھ بھی اہم کرداروں میں ہیں کو رواں برس 27 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنایا جارہا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سلمان خان اور جیکولین فرنینڈس پر فلم کا ایک ایکشن سین عکس بندکیا گیا۔

جس میں اداکارہ کو سلمان خان کیسا تھ موٹر سائیکل پر بیٹے دکھایا گیاہے اس موقع پر اپنے پسندیدہ اداکاروں کو دیکھنے کے لیے ایک ہجوم امڈ آیا جس دوران کئی مرتبہ شوٹنگ کو روکنا پڑا مگر مقامی انتظامیہ کے تعاون سے شوٹنگ کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق فلم دہلی میں ابھی مزید کچھ روز فلم کی شوٹنگ جاری رہے گی ۔ فلم کک میں کام کرنے کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کی تقریباً ہر اداکارہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے اور میری بھی یہ خواہش تھی کہ میں ان کے ساتھ کسی فلم میں نظر آؤں جب ہدایتکار ساجد ناڈیاڈوالا نے مجھے کہا کہ وہ اپنی آنیوالی فلم کک میں مجے کاسٹ کرنا چاہتے ہیں تو میںبہت خوش ہوئی کیونکہ میں جانتی تھی کہ سلمان خان اس کے ہیرو ہیں اور اسی وجہ سے میں نے بغیر اسکرپٹ پڑھے کام کرنے کی حامی بھر لی ۔ میں نے اس فلم میں کام کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا اور نہ ہی میری ان سے کوئی توقعات وابستہ ہیں ۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جس وقت میں کام کی حامی بھری تو میرا خیال تھا کہ ’’کک‘‘ میرے کیرئیر کی بری فلم ہوگی جو اب درست ثابت ہونے جارہی ہے ۔ دوسری طرف اداکارہ کی ایک اور فلم ’’رائے‘‘ بھی تیاری کے مراحل میں ہے ۔بھوشن کمار ،دیویا کھولہ کمار ار کرشن کمار کی مشترکہ پروڈکشن کی ہدایات  وکرما جیت سنگھ دے رہے ہیں اور اس میں جیکولین کے ساتھ رنبیر کپور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق فلم ’’رائے‘‘ میں جیکولین فرنینڈس ڈبل رول ادا کررہی ہیں جن میں سے ایک ہدایتکارہ کا ہے۔رنبیر کپور کے ساتھ کام کرنے کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ رنبیر کپور میرے پسندیدہ اداکار ہیں اوران کے ساتھ کسی فلم میں نظر آنا میری خواہش تھی جس کا میں پہلے بھی کئی مرتبہ اظہار کرچکی ہوں جو رائے سے پوری ہوچکی ہے ۔واضح رہے کہ 2جون 1985کو پیدا ہونے والی سری لنکا کی اداکارہ تین سال کی عمر میں والدین کے ساتھ بحرین چلی گئیں اور پھر کالج کی تعلیم کے لیے آسٹریلیا کا رخ کیا ۔جیکو لین نے تعلیم مکمل کرنے کے بعدسری لنکا واپسی کا فیصلہ کیا جہاں جاکر ماڈلنگ سے عملی زندگی کا آغاز کردیا ۔جیکو لین نے سری لنکا ہی میں ٹی وی ڈرامہ میں بھی کردار نبھائے ۔2006کے دوران مس سری لنکا کا تاج پہننے کا اعزاز پایا ۔اسی سال اداکارہ لاس اینجلس کے مقابلہ حسن میں حصہ لینے گئیں تو انھیں بالی وڈ میں کام کرنے کی آفرز ہونے لگیں ۔جیکو لین نے 2009میں بالی وڈ فلم میں کام کرکے دھوم مچادی ۔2010میں اسی فلم میں پرفارم کرنے پر انٹر نیشنل اندین فلم اکیڈمی ایوارڈ جیتا ۔کئی کمرشلز بھی بنائی گئیں جن میں جیکو لین نے مرکزی کردار نبھایا ان میں شاہد کپور کے ساتھ ایک کمرشل بہت مقبول ہوئی ۔ماڈلنگ کا سلسلہ بھارت میں بھی جاری رکھا گیا۔فلم ’’الہ دین ‘‘میں اداکارہ نے رتیش دیشمکھ کے مدمقابل کردار نبھایا ۔

اس کے بعد اداکارہ نے 2010میں فلم ’’جانے کہاں سے آئے ہیں‘‘میں تارا کا کردار بڑی خوبی سے نبھایا جسے فلمی ناقدین نے سراہا ۔اسی سال فلم ’’ہاؤس فل ‘‘میں اداکارہ مختصر پرفارم کیا ۔اس فلم میں جیکو لین کی ایک آئٹم سانگ کے لیے پرفارمنس نے فلم کے اس حصے کو یادگار بنادیا۔2011میں اداکارہ جیکولین فرننڈس نے مہیش بھٹ کی تھرلر فلم ’’مرڈرٹو‘‘میں خوبصورت کردار نبھایا ان کی عمدہ پرفارمنس کے سبب یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوئی ۔اس کے بعد 5اپریل 2012کو ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’’ہاؤس فل ٹو ‘‘ میں اہم کرداراداکیا ۔اس فلم میں اکشے اور آسن کے ساتھ جیکو لین نے مرکزی کردار نبھایا ۔یہ فلم بھی باکس آفس پر راج کرتی رہی اور جیکولین کے کیرئیر کو چارچاند لگادیے ۔گزشتہ برس ادا کارہ کی انیل کپور، سیف علی خان ،جان ابراہم ، دیپکا پڈکون ار امیشاپاٹیل کے ساتھ فلم ریس ٹوسینما گھروں کی زینت بنائی گئی ۔اس فلم میں جیکولین کی پرفارمنس کو بہت پسند کیا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔