کراچی کی قسمت چمک اُٹھی، ’’ڈبل ٹیسٹ ڈوز‘‘ ملنے کا امکان

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 16 نومبر 2022
حتمی فیصلہ 1،2روز میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوگا ۔ فوٹو : فائل

حتمی فیصلہ 1،2روز میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوگا ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  کراچی کی قسمت چمک اٹھی، ’’ڈبل ٹیسٹ ڈوز‘‘ ملنے کا امکان ہے جب کہ لانگ مارچ اور مظاہروں کے پیش نظر انگلینڈ کیخلاف پہلے اور تیسرے میچ کی میزبانی شہر قائد کوسونپنے پر غور ہونے لگا۔

انگلینڈ کی ٹیم 20سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے آرہی ہے، شیڈول کے مطابق مہمان اسکواڈ کو 27 نومبر کی صبح اسلام آباد پہنچنا ہے، پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہوگا۔ دوسرا میچ 9 دسمبر سے ملتان اور تیسرا 17 دسمبر سے کراچی میں شروع ہونا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کا لانگ مارچ راولپنڈی اور اسلام آباد کی جانب بڑھ رہا ہے،نومبر کے آخری ہفتے کے دوران جڑواں شہروں میں سرگرمیاں عروج پر ہوں گی۔ اسی وقت انگلش ٹیم کی اسلام آباد آمد شیڈول ہے۔

گزشتہ ہفتے احتجاج کی وجہ سے سندھ اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ہوٹل سے پنڈی اسٹیڈیم نہیں پہنچ پائیں، قائد اعظم ٹرافی کا میچ پہلے ایک روز کیلیے موخر پھر منسوخ کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو 5،5 پوائنٹس دے دیے گئے، اس کے بعد پنڈی سے میچز منتقل کردیے گئے،موجودہ حالات میں انگلش اسکواڈ کی آمدورفت اور سیکیورٹی معاملات میں بھی رکاوٹ پیش آسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیریز کا پہلا میچ کراچی میں کرانے پر غور ہونے لگا، دوسرا ٹیسٹ ملتان میں کھیلنے کے بعد ٹیمیں تیسرے میچ کیلیے پھر کراچی واپس آئیں گی، اس معاملے میں پاکستان اور انگلش بورڈ کے حکام رابطے میں ہیں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال شیڈول میں تبدیلی کاکوئی فیصلہ نہیں ہوا،البتہ پلان بی ضرور زیر غور ہے، حتمی فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایات کی روشنی میں کوئی فیصلہ 1،2 روز میں متوقع ہے،اس سلسلے میں حکام مسلسل رابطے میں ہیں، صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب انگلش ٹیم ریگ ڈیکسن کی سربراہی میں سیکیورٹی وفد کی کلیئرنس کو کافی سمجھے گی،گذشتہ دنوں عمران خان پر حملے سے پیدا ہونے والے حالات کے حوالے سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران سوال پر بین اسٹوکس نے کہا تھا کہ ریگ ڈیکسن سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے بہترین شخص ہیں، ہم ان کی معلومات پر 100فیصد اعتماد کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم آخری بار ناصر حسین کی زیر قیادت 2000میں پاکستان آئی تھی، سیریز کا آخری ٹیسٹ دسمبر میں کراچی میں ہی کھیلا گیا جس میں مہمان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی،اب سیریز ہی شہر قائد سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔