پولیس میں اصلاحات کے منصوبوں پر کام جاری ہے آئی جی

کراچی کیلیے جامع سیکیورٹی نظام کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے


Staff Reporter March 29, 2014
کراچی کیلیے جامع سیکیورٹی نظام کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ فوٹو: فائل

محکمہ پولیس سندھ میں اصلاحات کے سلسلے میں منصوبے پر کام کیا جارہا ہے جس کے تحت افرادی قوت میں اضافہ، ٹرانسپورٹیشن سہولیات، آرمز اینڈ ایمونیشن کی مناسب دستیابی اور تربیتی امور شامل ہیں جبکہ کراچی کے لیے جامع سیکیورٹی نظام کے حوالے سے بھی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

آئی جی سندھ اقبال محمود نے سینٹرل پولیس آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل، اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ، اینٹی کار لفٹنگ سیل اور انسداد انتہا پسندی سیل کو ممکنہ کم سے کم وقت میں منظم اور مربوط کیا جائے، انھوں نے کہا کہ پولیس کی تنظیم نو اور اصلاحات جیسے اقدامات کی بدولت انتظامی امور میں کمزوریوں کو دور کر کے احتسابی عمل کو ممکن بنایا جائے۔