کراچی فائرنگ اور پر تشدد واقعات متحدہ کے کارکن سمیت4افراد ہلاک

سرجانی میںمتحدہ کے کارکن کونماز جمعہ کے بعدمسجدکے دروازے پر نشانہ بنایاگیا، رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت


Staff Reporter March 29, 2014
نارتھ ناظم آباد میں متحدہ کاکارکن نشانہ تھا، سیکیورٹی گارڈ جاں بحق، باغ کورنگی سے2مغویوں کی لاشیں ملیں فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے جوائنٹ یونٹ انچارج سمیت 2 افراد ہلاک ہو گئے ۔

باغ کورنگی سے2 مغویوں کی بوری بند لاشیں ملیں جنھیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ سرجانی ٹاؤن صدیق گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے42 سالہ محمد انور ملک جاں بحق ہوگیا، مقتول صدیق گوٹھ کا رہائشی اور محنت کش تھا جبکہ وہ متحدہ قومی موومنٹ سرجانی ٹاؤن سیکٹر یونٹ2 کا جوائنٹ انچارج تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق انور ملک جامع مسجد صدیق اکبر سے نمازجمعہ کے بعد باہرآرہا تھاکہ گھات لگائے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے انور ملک کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم اورنگی سیکٹرکے یونٹ 118-Bکے کارکن مظہر علی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے مظہرعلی کے بہیمانہ قتل کی واردات کوکھلی دہشتگردی اور شہر کا امن سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کا تسلسل قراردیا ہے۔

نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی اسلم مارکیٹ لٹل فوکس اسکول کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن محمد علی عرف ممدو پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں محمد علی تو معجزانہ طور پر بچ گیا تاہم نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ35سالہ عبدالوحید جاں بحق ہوگیا، فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد نواز گوندل نے بتایا کہ مذکورہ گھر میں محمد علی کا کیبل کا آفس بھی قائم ہے، مقتول عبدالوحید سیکیورٹی گارڈ تھا جو واقعے کے وقت اپنے ساتھی سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ ہائی روف گاڑی میں بیٹھا تھا کہ ملزمان نے محمد علی سمجھ کر فائرنگ کردی۔ عوامی کالونی کے علاقے کورنگی سیکٹر10گلشن ملت باغ کورنگی سے2 مغویوں کی ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاشیں ملیں، ایس ایچ او عوامی کالونی عرفان آفریدی نے بتایا کہ مقتولین کی عمریں 17سے20 برس ہیں نامعلوم ملزمان نے انھیں اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتولین سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے ان کی شناخت کی جا سکے۔