عمران کو افسران سے ملکر سازش کے وقت قائد کا فرمان یاد نہیں آیا؟ مریم نواز

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2022
آپ کی یادداشت 2018ء تک نہیں جاتی جب آپ نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا ، مریم نواز (فوٹو فائل)

آپ کی یادداشت 2018ء تک نہیں جاتی جب آپ نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا ، مریم نواز (فوٹو فائل)

 لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں افسران کے ساتھ مل کر سازش کرتے وقت قائد کا فرمان یاد نہیں آیا؟۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے فوج سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی یادداشت 2018ء تک نہیں جاتی؟ جب آپ نے چند افسران کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف سازش کی،عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا،ان افسران کو متنازع بنایا اور ان کے مستقبل تباہ کیے؟۔

مریم نواز نے کہا کہ قائد اعظم کا یہ فرمان اُس وقت یاد نہیں آیا؟ آپ کی سیاست  آپ کے ہاتھ، آنکھیں اور کانوں کی رخصتی کے ساتھ دفن ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے نئی فوجی قیادت اعتماد کی کمی کے خاتمے کی کوشش کریگی، عمران خان

ایک دوسرے ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ آپ کی یادداشت محدود ہے لیکن لوگوں کی نہیں۔ آپ اسٹیبلشمنٹ کے کچھ عناصر کے ساز باز کرتے ہیں، وہ آپ کو پالتے اور کھلاتے ہیں۔ اب آپ ان سے غیر آئینی مداخلت کی بھیک مانگتے ہیں اور جب اس سے انکار کیا جاتا ہے تو آپ انہیں غدار قرار دیتے ہیں۔  

مریم نواز نے کہا کہ کیا آپ اعتماد کی کمی سے متعلق بات کرنے کا حق رکھتے ہیں؟ آپ لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں؟۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نئی فوجی قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امید ہے نئی عسکری قیادت اعتماد کی کمی کے خاتمے کی کوشش کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔