الخدمت بنو قابل پروگرام؛ کراچی میں آئی ٹی کورسز کیلیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

اسٹاف رپورٹر  پير 5 دسمبر 2022
فوٹو : الخدمت فاؤنڈیشن/فیس بک

فوٹو : الخدمت فاؤنڈیشن/فیس بک

  کراچی: الخدمت ’’بنو قابل میگا پروجیکٹ‘‘ کے تحت کراچی کی ہزاروں طالبات کے لیے آئی ٹی کورسز کے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد اتوار کو مزار قائد کے پہلو میں باغ جناح کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں کیا گیا جس میں ہزاروں طالبات نے شرکت کی۔

غیر معمولی حاضری کے باوجود ٹیسٹ کا انعقاد و اختتام نہایت منظم انداز سے ہوا۔ انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اسکولوں کی خواتین سمیت رضاکاروں پر مشتمل مختلف کلسٹرز بنائے گئے تھے۔

طالبات کی قابلیت و استعداد کی جانچ کے بعد کامیاب طالبات کو کمپیوٹر کے معتبر اداروں کے ذریعے فری لانسنگ، ویب ڈیویلپمنٹ، گرافکس ڈیزائنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون، ورچیول اسسٹنٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے کورسز جن پر ہزاروں روپے خرچ آتے ہیں مفت کرائے جائیں گے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، ہاجرہ عبید نے تلاوت قرآن مجید اور نیہا نور نے نعت رسول مقبولؐ پیش کی جبکہ مناہل نے کراچی کے مسائل پر گفتگو کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض معروف ٹی وی اینکر سید شفاعت حسین نے ادا کیے، تقریب میں شریک تمام شرکاء نے کورس میں قومی ترانہ بھی پڑھا۔

انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے لیے طالبات کی آمد کا سلسلہ مقررہ وقت 4:30بجے سے پہلے ہی شروع ہوگیا تھا۔ ٹیسٹ میں شرکت کے لیے بنو قابل ویب پورٹل سے ہزاروں طالبات کی رجسٹریشن پہلے کی گئی تھی۔ طالبات کو ان کے رجسٹرڈ ٹیلی فون نمبرز اور نام چیک کرنے کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی۔

طالبات کی سہولت اور معاونت کے لیے خواتین رضاکاروں کی بہت بڑی ٹیم کو آن بورڈ رکھا گیا تھا۔ انٹری کروانے کے لیے رجسٹریشن ڈیسک قائم کی گئی تھی۔ قبل ازیں تاریخی میگا ایونٹ کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کیے گئے تھے جس کے لیے متعدد کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں، طالبات کے لیے ہزاروں کی تعداد میں کرسیاں لگائی گئی تھیں جبکہ ان کے والدین کے بیٹھنے کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں، کنٹینروں پر مشتمل ایک بڑا اسٹیج بھی بنایا گیا تھا جس پر جماعت اسلامی اور الخدمت کے ذمہ داران موجود تھے، اسٹیج پر نمایاں حروف میں ’’کراچی کی بیٹیو! پڑھو، آگے بڑھو“ تحریر تھا۔ اسٹیج سے ہی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر ذمہ داران نے طالبات سے خطاب کیا۔

انٹری ٹیسٹ کے موقع پر الخدمت کی جانب سے ایک خصوصی ترانہ ”اپنی دنیا آپ پیدا کر، تجھ میں آخر چھپا کیا ہے، ڈھونڈ تجھے یہ موقع ملا ہے“ بھی تیار کیا گیا تھا، جو افتتاحی تقریب کے دوران وقتاً فوقتاً چلایا جاتا رہا۔ بنو قابل ٹیسٹ میں شہر کے معروف سماجی و کاروباری، تعلیمی اداروں اور شعبوں سے وابستہ شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی۔

ٹیسٹ کے شرکاء کے لیے پینے کا پانی کا بھی انتظام کیا گیا تھا، میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے صحافیوں کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا اور کیمرہ مینز و فوٹو گرافرز کے لیے علیحدہ سے ایک کنٹینر لگایا گیا تھا۔ نماز مغرب کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی تھی۔

پروگرام میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے ڈاکٹر شائستہ لودھی اور زیبا شہناز کو جبکہ چیف ایگزیکٹیو نوید علی بیگ نے معرو ف اداکار ایاز خان کو اجرک کاتحفہ پیش کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔