سیلاب زدہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

ارشاد انصاری  بدھ 7 دسمبر 2022
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو و بحالی سمیت مختلف شعبوں کیلئے مجموعی طور پر 414.90 ارب روپے سے زائد مالیت کے دس ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) کا اجلاس منگل کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں ایکنک نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو و بحالی کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔

ایکنک نے 36.21 ارب روپے مالیئت کے این فائیو روڈ کی تعمیر نو و بحالی کے منصوبے کی منظوری دیدی ہے، اس منصوبے کے تحت مورو سے راجن پور تک 318 سے چار سو کلو میٹر تک کی سڑک اور پلوں کی تعمیر نو و بحال کئے جائیں گے، اس منصوبے کیلئے 32.5 ارب روپے غیر ملکی فنانسنگ سے حاصل کئے جائیں گے اور یہ فنڈز ایشیائی ترقیاتی بینک فراہم کرے گا جب کہ 3.6 ارب روپے مالیت کے دس فیصد فنڈز حکومت پاکستان فراہم کرے گی۔

یہ سڑک رانی پور سے مورو تک نیشنل ہائی وے این فائیو کے سیلاب سے تباہ شدہ حصے پر مشتمل ہے جس میں پل کا حصہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں نیشنل ہائی وے نیٹ ورک پر پلوں پر مشتمل ہے۔

ایکنک نے مجموعی طور پر 3 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ایمرجنسی فلڈ اسسٹنس پراجیکٹ کی بھی منظوری دی، جس کیلئے 3 ارب 30 کروڑ روپے غیر ملکی فنانسنگ سے حاصل ہوں گے، جو ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے قرضے کی صورت میں بلوچستان حکومت کو فراہم کئے جائیں گے، اس منصوبے کو بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لاگو کیا جائے گا۔

مجوزہ منصوبے میں صوبے کے شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں زرعی پیداوار کی بحالی کے لیے سیلاب سے تباہ شدہ آن فارم واٹر مینجمنٹ انفراسٹرکچر کی بحالی کا تصور کیا گیا ہے۔

ایکنک نے 48 ارب 32 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سندھ فلڈ ایمرجنسی بحالی پراجیکٹ کی بھی منظوری دی، اس منصوبے کیلئے فنڈز عالمی بینک فراہم کرے گا، یہ منصوبہ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں پانی کے تحفظ، سیلاب سے انفراسٹرکچر کے تحفظ اور ادارہ جاتی اصلاحات کے مسائل سے متعلق ہے۔

اس کے علاوہ ایکنک نے 66 ارب روپے سے زائد مالیئت کے سندھ فلڈ ایمرجنسی بحالی پروگرام کی بھی منظوری دی، جس کیلئے اُنسٹھ ارب روپے سے زائد کے فنڈز غیر ملکی فنانسنگ سے حاصل ہوں گے۔

ایکنک نے 15 ارب روپے سے زائد مالیت کے ایمرجنسی فلڈ اسسٹنس پروجیکٹ کی خیبر پختونخواہ کیلئے منظوری دی ہے، جس سے خیبر پختونخواہ میں آبپاشی، نکاسی آب کے نظام اور سیلاب سے بچاوٴ کے کاموں کی تعمیر نو اور بحالی منصوبے پر کام ہوگا۔

ایکنک نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے 11 ارب روپے سے زائد مالیت کے ہنگامی فلڈ اسسٹنس پروجیکٹ کے علاوہ ایکنک کی جانب سے منظور کئے جانے والے منصوبوں میں 70 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے سندھ پانی اور زراعت کی تبدیلی کے منصوبے سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔