ایجوکیشن سٹی کے قیام کیلیے ماسٹر پلان کی منظوری دیدی گئی

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ایجوکیشن سٹی بورڈ کے پہلے اجلاس میں ڈاکٹر عشرت حسین کو بورڈ کا ممبر بنانے کی سفارش کی گئی


Staff Reporter April 02, 2014
قوم کے مستقبل کا انحصار معیاری تعلیم پر ہے، ایجوکیشن سٹی بورڈ فیصلہ کرنے کے حوالے سے آزاد ادارہ ہوگا، قائم علی شاہ فوٹو: فائل

KARACHI: ملیر میں قائم ہونے والے ایجوکیشن سٹی کے بورڈ نے اپنے پہلے اجلاس میں ایجوکیشن سٹی کے قیام کے لیے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے اور ماہر معیشت اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر عشرت حسین کو بورڈ کا ممبر بنانے کی سفارش کی ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ ایجوکیشن سٹی بورڈ کے پہلے اجلاس میں کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری رائے سکندر ، سیکریٹری بلدیات جاوید حنیف ، سیکریٹری صحت اقبال حسین درانی ، ایجوکیشن سٹی بورڈ کے اراکین ڈاکٹر عاصف حسین ، زبیر موتی والا، SMBOI کے چیئرمین فیروز رسول ، علی ارشد حکیم و دیگر نے شرکت کی، وزیراعلیٰ سندھ نے ماسٹر پلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ موثر اور جامع ماسٹر پلان کی بدولت تمام اسٹیک ہولڈرز ایجوکیشن سٹی کی جانب راغب ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ قوم کے مستقبل کا انحصار معیاری تعلیم پر ہے لہٰذا سندھ حکومت تعلیم کو اولین ترجیح دے رہی ہے، اس کے بجٹ میں کئی گنا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے پبلک سیکٹر میں تعلیم کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں بلکہ نجی شعبے کی بھی اس حوالے سے حوصلہ افزائی کی گئی ہے، بورڈ نے ترقیاتی کاموں کی دیکھ بھال ،آڈٹ ، مالی امور اور اسٹاف کی بھرتی کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی کی سربراہی زبیر موتی والا کریں گے، اجلاس میں فناس کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو کہ سیکریٹری خزانہ ، ایجوکیشن سٹی بورڈ کے اراکین عارف حبیب ، طارق معین پر مشتمل ہو گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایجوکیشن سٹی بورڈ فیصلہ کرنے کے حوالے سے مکمل طور پر آزاد ادارہ ہوگا اور کور کمیٹی بورڈ کے فیصلوں پر مکمل طریقے سے عمل درآمد کرانے کی ذمے دار ہوگی، حکومت کی ایجوکیشن سٹی بورڈ کے معاملات میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی،انھوں نے ایجوکیشن سٹی بورڈ کو سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی، قبل ازیں اجلاس میں جامع ماسٹر پلان پیش کیا گیا جس پر ایجوکشن سٹی بورڈ کے اراکین نے تفصیلی بحث کی جبکہ ایجوکیشن سٹی کے اغراض و مقاصد سے متعلق بریفنگ دی، وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبہ بندی کرنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ ایجوکیشن کے منصوبے میں ٹیکنالوجی پارکس کی شمولیت کو یقینی بنائے اور یہاں پر تحقیق کو فروغ دیں۔