بھارت میں دو اسکول بسیں حادثے کا شکار؛ 15 طلبا کی ہلاکت کا خدشہ

ویب ڈیسک  بدھ 21 دسمبر 2022
بھارتی ریاست منی پور کے سیکنڈری اسکول کے طلبا مطالعاتی دورے پر جارہے تھے، فوٹو: فائل

بھارتی ریاست منی پور کے سیکنڈری اسکول کے طلبا مطالعاتی دورے پر جارہے تھے، فوٹو: فائل

منی پور: بھارتی ریاست منی پور میں سالانہ مطالعاتی دورے پر جانے والی اسکول کی دو بسیں حادثے کا شکار ہوگئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 15 طلبا کی ہلاکت کا خدشہ ہے جب کہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست منی پور کے علاقے یاریپوک کے تھمبالنو ہائر سیکنڈری اسکول کے طلبا دو بسوں میں سوار ہو کر مطالعاتی دورے کے لیے تاریخی مقام کھوپم جارہے تھے۔

ایک مقام پر دونوں بسیں قابو سے باہر ہوگئیں اور الٹ گئیں۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ متعدد طلبا موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جب کہ درجن سے زائد شدید زخمی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے 8 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے تاہم عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ کم از کم 15 طلبا موقع پر ہلاک ہوگئے تھے۔

زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاحال حادثے کی وجہ اور نوعیت معلوم نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔