جنرل (ر) باجوہ نے آخری ملاقات میں کہا آپ پلے بوائے ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک / ثاقب ورک  اتوار 1 جنوری 2023
باجوہ نے حسین حقانی کو لابنگ کیلیے ہائر کیا، ڈونلڈ لو کو پاکستان سے سبق دیا گیا، حقانی میرے خلاف کمپین اور جنرل باجوہ کی تشہیر کرتے رہے، عمران (فوٹو: فائل)

باجوہ نے حسین حقانی کو لابنگ کیلیے ہائر کیا، ڈونلڈ لو کو پاکستان سے سبق دیا گیا، حقانی میرے خلاف کمپین اور جنرل باجوہ کی تشہیر کرتے رہے، عمران (فوٹو: فائل)

 لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ نے آخری ملاقات میں کہا کہ آپ پلے بوائے ہیں جس پر میں نے جواب دیا کہ ہاں میں پلے بوائے رہا ہوں، قمر باجوہ کمر پر چھرا مار رہا تھا اور ہمدردی بھی کررہا تھا۔

لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے حسین حقانی کو لابنگ کے لیے امریکا میں ہائر کیا، ڈونلڈ لو کو پاکستان سے سبق پڑھایا گیا، حسین حقانی میرے خلاف کمپین اور جنرل باجوہ کی تشہیر کرتے رہے حالاں کہ امریکا میں ٹرمپ حکومت نے تاریخی استقبال کیا۔

عمران خان نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے آخری ملاقات میں کہا کہ آپ پلے بوائے ہیں جس پر میں نے جواب دیا کہ ہاں میں پلے بوائے رہا ہوں، قمر باجوہ کمر پر چھرا ماررہا تھا اور ہمدردی بھی کررہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے تین اراکین پنجاب اسمبلی کو اعتماد کے ووٹ کے لیے اسٹیبلشمنٹ نے نیوٹرل رہنے کا کہا ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کو جمع اور باپ کو پیپلز پارٹی میں شامل کرایا جارہا ہے، پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ کا نام ایک آدمی ہے، باجوہ احتساب نہیں کرنا چاہتے تھے اس لیے تعلقات خراب ہوئے۔

قومی اسمبلی میں واپسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جاکر کیا کریں گے اس کا کوئی فائدہ نہیں۔

آڈیو لیکس پر انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی خاتون خانہ ہے، ہم آڈیو لیکس سے اپنی نوجوان نسل کو کیا پیغام دے رہے ہیں، ملک میں شفاف الیکشن ہوں اور پائیدار حکومت بنے کیوں کہ شفاف الیکشن سے ملک میں استحکام آئے گا، اسٹیبلشمنٹ معیشت سمیت سب بحرانوں سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو افغانستان کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں، موجودہ افغان حکومت کے ساتھ بہترین تعلقات تھے، دہشت گردی بیچ کر ڈالرز کمائے جاسکتے ہیں مشرف نے بھی دہشت گردی کو بیچ کر ڈالرز کمائے لیکن 80 ہزار جانوں کا ضیاع ہوا۔

’چیف الیکشن کمشنر کو جنرل باجوہ حکم دیتے تھے‘

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر کے پیچھے 100 فیصد جنرل باجوہ کا ہاتھ تھا، اس لیے وہ وہی کرتا تھا جس کا حکم باجوہ دیتے تھے،  الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معاملہ جنرل باجوہ کنٹرول کررہا تھا، چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے کبھی چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ بارے گفتگو نہیں کی۔

صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ آپ نے چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ کو حکومت کی جانب سے نوازنا قرار دیا تھا؟ جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ کا معلوم نہیں، میں نے کبھی چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ بارے گفتگو نہیں کی،چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کو رشوت کے طور پر بڑا عہدہ دے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ بیوقوف آدمی ہے، طالبان سے متعلق بیانات سے ملکی ساکھ خراب کررہا ہے، ،طالبان سے بیٹھ کر مذاکرات ہونے چاہیے، میں ہمیشہ سے ملٹری آپریشنز کے خلاف رہا ہوں، چودھری نثار سے کافی عرصہ سے رابطہ نہیں ہوا، گزشتہ ہفتے چودھری نثار کے سیاسی اکٹھ کا جان کر اچھا لگا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔