حصص مارکیٹ میں محدود تیزی مزید 71 پوائنٹس کا اضافہ

انڈیکس پہلی بار 28 ہزار408 پر پہنچ گیا، 171 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھیں،177کے دام نیچے آگئے


Business Reporter April 05, 2014
مارکیٹ سرمایہ 9 ارب روپے بلند، کاروباری حجم 10 فیصد کم، 40 کروڑ 29 لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو: آن لائن/فائل

KARACHI: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو پرافٹ ٹیکنگ اور اتارچڑھائوکے باوجود تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس پہلی بار 28408 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، تیزی کے باعث46 فیصدحصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید9 ارب28 کروڑ5 لاکھ87 ہزار 266 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں میں تیزی کی مستقل لہر کی وجہ سے مارکیٹ میں تکنیکی درستگی اور پرافٹ ٹیکنگ لازم ہوگئی تھی لیکن حکومت کی جانب سے آئندہ ہفتے 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز نیلام کرنے اور اتحادی تعاون فنڈ کی مد میں پاکستان کو 1.60 ارب ڈالر کی رقم ملنے کی امید جیسے عوامل نے غیرملکیوں سمیت دیگر مخصوص شعبوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا، ٹریڈنگ کے ابتدائی دورانیے میں تیزی کے بعد پرافٹ ٹیکنگ سے ایک موقع پر45.37 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی کیونکہ بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر66 لاکھ78 ہزار 765 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا تھا۔

لیکن اس دوران ایم سی بی بینک اور پی ایس او میں خریداری لہر بڑھنے کے علاوہ غیرملکیوں کی جانب سے 53 لاکھ42 ہزار971 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے13 لاکھ23 ہزار 152 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے12 ہزار642 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مارکیٹ میں رونما ہونے والی مندی کے اثرات زائل کردیے، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس71.67 پوائنٹس کے اضافے سے 28408.03 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایس ای30 انڈیکس29.49 پوائنٹس کی کمی سے 20030.28 اور کے ایم آئی30 انڈیکس25.25 پوائنٹس کی کمی سے46569.72 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 10.26 فیصدکم رہا اور مجموعی طور پر40 کروڑ29 لاکھ54 ہزار980 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ373 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں171 کے بھائو میں اضافہ، 177 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔