’’پی ایس ایل کا شیڈول بھی شئیر کردیتے‘‘ نجم سیٹھی کا جے شاہ کو طنز

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جنوری 2023
آپ کے اس عمل کو قابلِ ستائش تصور کیا جاتا، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ (فوٹو: ایکسپریس ویب)

آپ کے اس عمل کو قابلِ ستائش تصور کیا جاتا، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ (فوٹو: ایکسپریس ویب)

  کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایشین کرکٹ کونسل (سے سی سی) کے صدر اور سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) جے شاہ کو ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کرنے پر طنزیہ جواب دیا ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے لکھا کہ ’’ جے شاہ کا یکطرفہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ شیڈول کا اعلان کرنے پر شکریہ، خاص طور پر جس ایشیاکپ کا میزبان پاکستان ہے۔ جب آپ اعلان کرہی رہے ہیں تو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا شیڈول بھی شیئر کردیتے، آپ کے اس عمل کو قابلِ ستائش تصور کیا جاتا‘‘۔

قبل ازیں گزشتہ روز ایشیاکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا جس میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا تھا، تیسری ٹیم کوالیفائر ون ہوگی جبکہ دوسرے گروپ میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ؛ روایتی حریف پاکستان، بھارت ایک ہی گروپ میں شامل

دوسری جانب ایشیاکپ 2023 کی میزبانی پاکستان کے سپرد کی گئی ہے تاہم بھارت اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کرچکا ہے، اس لیے توقع کی جارہی ہے کہ ٹورنامنٹ نیوٹرل وینیو پر منتقل کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے بھارت کے عمل پر دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آتا تو نہ آئے ہم بھی آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں بھارت نہ جانے کا سوچ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: اگر ایشیاکپ کسی نیوٹرل جگہ پر کروایا گیا تو ہم بھی شرکت نہیں کریں گے، رمیز راجہ

یاد رہے کہ اے سی سی کے صدر اور سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اہم رہنما اور موجودہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے ہیں۔

https://twitter.com/najamsethi/status/1610997195234222080

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔