ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی ازسر نو بحالی بڑا چیلنج ہے، مصباح الحق

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 6 جنوری 2023
ڈیپارٹمنٹس نے اظہر علی، عمر اکمل، یاسر شاہ جیسے اَن گنت کھلاڑی دیئے ہیں، سابق ہیڈکوچ (فوٹو: فائل)

ڈیپارٹمنٹس نے اظہر علی، عمر اکمل، یاسر شاہ جیسے اَن گنت کھلاڑی دیئے ہیں، سابق ہیڈکوچ (فوٹو: فائل)

 لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ازسرنو بحالی ایک بڑا چیلنج ہے۔

لاہور میں کلب میچ کے دوران سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی سے کھلاڑیوں کے لیے روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ پی پی سی پر بوجھ بھی کم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی ملکی کرکٹ کیلئے بہت ہی اچھا قدم ہے، اس سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے زیادہ مواقع ملیں گے۔ ایک وقفے اور اسپورٹس شعبوں کی بندش کے بعد اب دوبارہ سے سارا سسٹم بنانا ڈیپارٹمنٹس کے لیے چیلنج ضرور ہوگا مگر مجھے یقین ہے کہ تمام محکمے اس سے نبرد آزما ہوں گے۔

مصباح الحق کے مطابق یہ تاثر غلط ہے کہ ڈیپارٹمنٹس تیار کھلاڑی لیتے تھے، حقیقت یہ ہے کہ ڈیپارٹمنٹس نے بہت سے باصلاحیت کھلاڑی تیار کئے ہیں۔ صرف سوئی ناردرن گیس نے اظہر علی، عمر اکمل، یاسر شاہ سمیت ان گنت کرکٹرز تیار کیے۔ عمر اکمل نے پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی، یہاں سے وہ پالش ہوکر قومی ٹیم تک پہنچا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔